نوجوانو ں کیلئے ہنرمندی کے منصوبے کی تشکیل کی پیش رفت کا جائزہ لیا
جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے سول سیکرٹریٹ میں جموںوکشمیر میں ’ بیک ٹو وِلیج مرحلہ چہارم‘ کے تحت شناخت کئے گئے نوجوانوں کی ہنرمندی کے منصوبے کی تشکیل کی پیش رفت کاجائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری زرعی پیداوار محکمہ اَتل ڈولو ، پرنسپل سیکرٹری تعلیم آلوک کمار، وائس چانسلر سکاسٹ جموں پروفیسر جے پی شرما، کمشنر سیکرٹری آر ڈی ڈی مندیپ کور ، کمشنر سیکرٹری اِنفارمیشن ٹیکنالوجی پریرنا پوری ،سیکرٹری مہمان نوازی و خاطر تواضع طلعت پرویز روحیلہ ،ڈائریکٹر صنعت و حرفت کشمیر سلونی رائے ، سیکرٹری محکمہ قبائلی اَمور محمد ہارون ، ڈائریکٹر جنرل صنعت و حرفت جموں انو ملہوترا ، ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سدرشن کمار، مشن ڈائریکٹر جے کے آر ایل ایم اِندو کنول چِب، سپیشل سیکرٹری ایس ڈی ڈی ، جوائنٹ ڈائریکٹر بجٹ اور مختلف محکموں کے دیگر سینئر اَفسران نے ذاتی طور پر اور بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ شرکت کی۔مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے اَفسروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صنعتوں ، سیاحت ، ہیلتھ کیئر ، بجلی اور دیگر جیسے تمام شعبوں میں روزگار کے ممکنہ مواقع کی سیکٹر وار نقشہ سازی وقت کی ضرورت ہے کیوں کہ یہ اِن شعبوں کے روزگار پیدا کرنے کی صلاحیت کو ظاہر کرے گا۔اُنہوں نے آر ڈی ڈی پر زور دیا کہ وہ ان شعبوں کی سکوپ میپنگ کرے تاکہ نوجوانوں کو ان کی دلچسپی کے شعبوں میں مؤثر طریقے سے تربیت دی جائے اور وہ فائدہ مند روزگار حاصل کر سکیں۔اُنہوںنے مزید کہا کہ ماسٹرٹرینروں کے لئے ایک نصاب تیار کیا جائے۔اُنہوں نے اَفسران سے کہا کہ وہ باقاعدہ تربیتی ماڈیول شروع کرنے سے پہلے ایک ہفتے کے فائونڈیشن کورس کے آپشن کو تلاش کریں تاکہ شناخت کئے گئے نوجوانوں میں گہری دِلچسپی پیدا ہوسکے۔مشیر موصوف نے آر ڈی ڈی کو نوجوانوں کے لئے ایک مضبوط کونسلنگ میکانزم قائم کرنے کی بھی ہدایت دی کیوں کہ یہ پروگرام کے کامیاب عمل آوری کے لئے بہت ضروری ہے ۔ اُنہوں نے کمشنر سیکرٹری آر ڈی ڈی سے کہا کہ وہ مرکزی وزارت ہنرمندی کے ساتھ کوآرڈی نیشن میکانزم قائم کریں کیوں کہ وہ متعدد سکیمیں چلاتے ہیں جن سے فائدہ اُٹھایا جاسکتا ہے ۔اُنہوں نے کمشنر سیکرٹری آر ڈی ڈی کو آئی آئی ٹی جموں کی مشاورت سے نوجوانوں کے لئے ایک وقف کال سینٹر قائم کرنے کی بھی ہدایت دی۔مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے مناسب تربیت کی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے اَفسران پر زور دیا کہ وہ اِس مہینے کے آخیر میں ماسٹر ٹرینروں کی تربیت شروع کریں اور اس کے بعد بغیر کسی تاخیر کے دوسرے عملے کے لئے تربیت کا اِنعقاد کریں۔ اُنہوں نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیااور دیگر ذرائع سے اِس پروگرام کے بارے میں نوجوانوں میں زیادہ سے زیادہ بیدار ی پیدا کریں۔مشیر موصوف نے اِس بات پر زور دیا کہ تمام حصہ لینے والی ایجنسیوں اور محکموں کو ہنرمندی کے تربیتی پروگرام جلد از جلد شروع کرنے کی ضرورت ہے۔اَتل ڈولو نے میٹنگ کے دوران بات کرتے ہوئے کہا کہ جموںوکشمیر میں مختلف شعبوں میں روزگار پیدا کرنے کی زبردست صلاحیت ہے اور محکموں کو اس صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری آر ڈی ڈی نے پلان کی تشکیل اور اِس پروگرام کے تحت حاصل کی گئی پیش رفت کیب ارے میں تفصیلی پرزنٹیشن پیش کی۔










