جموں//جموںوکشمیر او رلداخ ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس ، جسٹس تاشی ربستن نے آج جموںوکشمیر یوٹی کے 10 اَضلاع میں’لیگل ایڈ ڈیفنس کونسل سسٹم ‘کا آغاز کیا۔اِس نظام کو آنے والے مہینوں میں باقی 10 اَضلاع میں مزید مستحکم اور بہتر طریقے سے بڑھایاجائے گا تاکہ اہل غریب اَفراد کو مجرمانہ معاملات میں معیاری قانونی خدمات کو یقینی بنایا جاسکے۔جسٹس تاشی ربستن نے اِفتتاحی خطاب کرتے ہوئے منتخب لیگل ایڈ ڈیفنس کونسلوں کو مبارک باد دی اور ان پر زور دیا کہ وہ اِس نظام کو کامیاب بنانے کے لئے اَنتھک محنت کریں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ معاشرے کے کمزور اور پسماندہ طبقات کو مؤثر قانونی خدمات فراہم کرنے کے لئے عدالت پر مبنی قانونی خدمات کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے ۔اِس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے وُکلأ کی استعداد کار میں اِضافہ ، مانیٹرنگ او رمینٹورنگ کمیٹیوں کے ڈھانچے اور کام کو بڑھانے کے علاوہ فرنٹ آفسز کی اَپ گریڈیشن جیسے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں۔واضح رہے کہ اِنڈیا میں قانونی اِمداد کی فراہمی کے تفویض کردہ کونسل سسٹم کی پیروی کی جا رہی ہے جس میں قانونی خدمات اِداروں سے تنخواہ دار پینل وکلأکو مقدمات تفویض کئے جاتے ہیں۔ لیگل ایڈ ڈیفنس کونسل سسٹم خصوصی طور پر فوجداری معاملات میں قانونی امداد کے کام سے نمٹا جائے گا۔ اِس کے لئے مصروف وکلأ کوئی پرائیویٹ کیس نہیں لیں گے۔ اِس سے کرمنل جسٹس سسٹم میں ضرورت مندوں کو مؤثر طریقے سے قانونی اِمداد فراہم کرنے کے لئے ادارہ جاتی صلاحیت پیدا ہوگی۔لیگل ایڈ ڈیفنس کونسل سسٹم(ایل اے ڈی سی ایس ) کو سیشن عدالتوں میں فوجداری معاملات میں قانونی مدد فراہم کرنے کے لئے پائلٹ بنیادوں پر عملانے کا تصور کیا گیا ہے۔ملک میں پائلٹ پروجیکٹ کی کامیابی کے نتیجے میں ایل اے ڈی سی ایس کو ایگزیکٹو مجسٹریٹوںسمیت دیگر اَضلاع اور مجسٹریٹ کورٹوں تک توسیع دی گئی۔اِس سے قبل ممبر سیکرٹری جے اینڈ کے ایل ایس اے ایم کے شرما نے اَپنے خطبہ اِستقبالیہ میں سکیم کا ایک جائزہ پیش کیا اور اُنہوں نے کہا کہ کس طرح’ لیگل ایڈ ڈیفنس کونسل سسٹم ‘دیگر قانونی اِمداد کی فراہمی کے نظام سے بہتر ہے۔اِس پروگرام میں رجسٹرار جنرل سنجیو گپتا ، پرنسپل سیکرٹری اعجاز احمد خان، رجسٹرار جوڈیشل سوبھارام گاندھی ، جوائنٹ رجسٹرار جوڈیشل پروین پنڈوہ ، پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جوکہ ڈی ایل ایس اے کے سابق آفیشو چیئرپرسن اور ڈی ایل ایس اے کے سیکرٹریز اور جموںوکشمیر یوٹی سے لیگل ایڈ ڈیفنس کونسلز موجود تھے۔










