کولگام//ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے منی سیکرٹریٹ میں منعقدہ اَفسران کی میٹنگ میں یوم جمہوریہ تقریب 2023ء کی تقریبات کے اِنتظامات کا جائزہ لیا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ اِس قومی تقریب کو خوش اَسلوبی سے منعقد کرنے کے لئے وسیع انتظامات کریں۔میٹنگ میں جلسہ گاہ میں سیکورٹی ، نشستوں کی جگہ ، کار پارکنگ ، ٹرانسپورٹیشن اور عمارتوں کی چراغاں ، ریفریشمنٹ کے علاوہ شرکأ کے لئے رہائش کے اِنتظامات پر تفصیلی بات چیت ہوئی،میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ مرکزی تقریب ڈسٹرکٹ پویس لائنز میں منعقد کی جائے گی اور وہاں مہمان خصوصی قومی پرچم لہرائیں گے جس کے بعد جے کے پی ، سی آر پی ایف ، این سی سی ، پولی بینڈ ، خواتین دستے ، این سی سی اور سکولی بچوں پر مشتمل پریڈ ہوگی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کو سخت ہدایات جاری کیں کہ وہ یوم جمہوریہ کی تقریبات کو خوش اَسلوبی سے منعقد کرنے کے لئے پیشگی اِنتظامات کریں۔متعلقہ محکموں سے کہا گیا ہے کہ وہ سرد موسم کی موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے ، بغیر پریشانی ریہرسل اور آخری دِن کی تقریبات کے لئے گرمائش کے اِنتظامات کریں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ اَفسران اور ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ قومی تقریب کے اِنتظامات کرتے ہوئے قریبی رابطوں کو برقرار رکھیں۔میٹنگ میں پی ڈی ڈی کو بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے اور مقامی پر سٹینڈ بائی ڈی جی سیٹ لگانے کی ہدایت دی گئی ۔ میونسپلٹی اور پاور ڈیپارٹمنٹ کو بھی ہدایت دی گئی کہ وہ قصبے کی اہم عمارتوں کو چراغاں کریں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ اَفراد کو رنگارنگ ثقافتی پروگرام ترتیب دینے کی بھی ہدایت دی۔تمام محکموں اور اِداروں کے سربراہاں کو بھی ہدایت دی گئی کہ وہ اَپنے دفاتر اور اِداروں کے اَندر قومی پرچم لہرائیں۔میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو ، ایس ڈی ایم ، اے سی پی ، ڈسٹرکٹ اِنفارمیشن آفیسر ، ڈی وائی ایس پی ، پی ڈی ڈی کے ایگزیکٹیو اِنجینئروں ، آر اینڈ بی ، سی اِی او ، سی ایم او ، فوج ، سی آر پی ایف کے اَفسران اور دیگر متعلقین نے شرکت کی۔










