یہ ملک کیلئے اپنی طاقت کو ظاہر کرنے کا ایک منفرد موقع،پوری قوم کیلئے فخر کامقام:نریندرمودی
سری نگر//وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو گورنروں، وزرائے اعلیٰ اور لیفٹیننٹ گورنروںکی ایک ورچوئل میٹنگ کی صدارت کی جس میں ہندوستان کی G-20صدارت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ یہ ملک کے لئے اپنی طاقت کو ظاہر کرنے کا ایک منفرد موقع ہے۔جے کے این ایس مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق نئی دہلی میں وزیر اعظم کے دفتر (PMO) نے ایک بیان میں کہا کہ ورچوئل میٹنگ کے دوران، وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹیم ورک کی اہمیت پر زور دیا اور مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے G-20پروگراموںمیں تعاون طلب کیا۔بیان کے مطابق وزیر اعظم نے نشاندہی کی کہG-20کی صدارت روایتی بڑے میٹرو سے ہٹ کر ہندوستان کے حصوں کو ظاہر کرنے میں مدد کرے گی، اس طرح ملک کے ہر حصے کی انفرادیت سامنے آئے گی۔G-20 کی صدارت کے دوران ہندوستان آنے والے سیاحوں کی بڑی تعدادکی آمد اور بین الاقوامی میڈیاکی مختلف تقریبات پر توجہ مرکوزکئے جانے کی اہمیت کاذکر کرتے ہوئے ، وزیر اعظم مودی نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی اہمیت پر زور دیا کہ وہ اپنے یہاں پرکشش سیاحتی مقامات، کاروبار، سرمایہ کاری کے طور پر دوبارہ برانڈکیلئے اس موقع کو استعمال کریں۔ بیان کے مطابق انہوں نے’’پوری حکومت اور پورے معاشرے کے نقطہ نظر‘‘ کے ذریعےG-20 ایونٹس میں لوگوں کی شرکت کو یقینی بنانے کی ضرورت کو بھی دہرایا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ متعدد گورنروں، وزرائے اعلیٰ اور لیفٹیننٹ گورنروںنے میٹنگ کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کیا، جس میں G-20میٹنگوں اور پروگراموں کی مناسب میزبانی کیلئے ریاستوں اور مرکزی زیرانتظام علاقوں کی طرف سے کی جا رہی تیاریوں پر زور دیاگیا۔اجلاس سے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بھی خطاب کیا اور ہندوستان کےG-20 شرپا امیتابھ کانت کی طرف سے ایک پریزنٹیشن پیش کی گئی۔اس ہفتے کے شروع میں، وزیر اعظم مودی نے ایک آل پارٹی میٹنگ میں کہا تھا کہ ہندوستان کیG-20 صدارت پوری دنیا کے سامنے ملک کی طاقت کو ظاہر کرنے کا ایک منفرد موقع ہے۔ہندوستان نے یکم دسمبر کو باضابطہ طور پر G-20کی صدارت سنبھالی۔توقع ہے کہ ملک اس ماہ کے آغاز میں ملک بھر میں G-20کے200 سے زیادہ تیاری کے اجلاسوں کی میزبانی کرے گا۔ ریاستوں یا حکومتوں کے سربراہوں کی سطح پر اگلی G-20 سربراہی کانفرنس اگلے سال 9 اور10 ستمبر کو نئی دہلی میں منعقد ہونے والی ہے۔G-20 یا گروپ آف۰۲ دنیا کی بڑی ترقی یافتہ اور ترقی پذیر معیشتوں کا ایک بین الحکومتی فورم ہے۔ اس میں ارجنٹائن، آسٹریلیا، برازیل، کینیڈا، چین، فرانس، جرمنی، ہندوستان، انڈونیشیا، اٹلی، جاپان، جمہوریہ کوریا، میکسیکو، روس، سعودی عرب، جنوبی افریقہ، ترکی، برطانیہ، امریکہ اور یورپی یونین شامل ہیں۔










