انتخابات کافیصلہ الیکشن کمیشن کااستحقاق، ہم انتخابات کے انعقاد کیلئے پوری طرح تیار : لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا
سری نگر//جموں وکشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے اعلان کیاہے کہ حکومت اب ان افراد کیخلاف بھی دستیاب قوانین کے تحت کارروائی کرے گی جن کے’’غیر ضروری بیانات‘‘ سے ملی ٹنسی کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جموں وکشمیرمیں دہشت گردی کی کمر توڑ دی گئی ہے۔جے کے این ایس مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق ’سی این ایس،ٹی وی18‘نیٹ ورک کودئیے ایک انٹرویو میں، لیفٹنٹ گورنر منوجسنہا نے کہا کہ وہ سوال کرنے والے سے پوری طرح متفق ہیں اور اُنہیں ان لوگوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کرنی ہوگی جن کے ’’غیر ضروری بیانات‘‘ میں ملی ٹنسی کی حوصلہ افزائی اور امن کو خراب کرنے کی صلاحیت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسے افراد کے خلاف بھی کارروائی کرنا ہو گی۔لیفٹنٹ گورنر منوج سنہانے مزید کہا کہ کسی کو امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔تاہم لیفٹنٹ گورنر نے کہا کہ کشمیر میں عام آدمی اس سے باہر نکل آیا ہے۔انہوںنے کہاکہ آج کاکشمیری نوجوان اس سب سے نکل آیا ہے۔ وہ اسٹارٹ اپس، اختراعات چاہتے ہیں۔ گاندھی جینتی پر ہزاروں نوجوانوں نے ترنگا لہرانے میں حصہ لیا۔ کشمیری پنڈتوں اور ہندوؤں کی کچھ ٹارگٹ کلنگ کے تناظرمیں لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ بہت سے مسلمانوں کو بھی ملی ٹنٹوں نے مارا ہے کیونکہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ انہوںنے کہاکہ کچھ طاقتیں یہ پیغام دینا چاہتی ہیں کہ جب تک کشمیر ان کے ساتھ ہے، امن نہیں ہو گا۔ تاہم انہوں نے مزید کہا کہ ہلاکتوں کا کوئی معاوضہ نہیں ہو سکتا۔لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہاکہ اگر آپ 5 اگست 2019 کے بعد کے3 سالوں کا اس سے پہلے کے 3 سالوں سے موازنہ کریں، تو شہری ہلاکتوں میں 50 فیصد اورسیکورٹی اہلکاروں کی ہلاکتوں میں 55 فیصد کمی آئی ہے۔ انہوںنے پاکستان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ اب پڑوسی کے کہنے پر ہڑتال اور بند ختم ہو گیا ہے۔ پتھراؤ کے واقعات میں72 افراد ہلاک ہوئے جو کہ بھی ختم ہو گیا۔لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا کاکہناتھاکہ کشمیر میں تین نوجوان نسلیں تعلیم سے محروم ہو گئیں۔تاہم، اب صورت حال پر مکمل کنٹرول ہے،شوپیاں اور پلوامہ میں سنیما ہال کھولے گئے، سری نگر میں ملٹی پلیکس چل رہے ہیں۔ جلد ہی باقی اضلاع میں سینما ہال کھول دئیے جائیں گے۔منوج سنہا نے کہاکہ تاہم کچھ لوگ اس عمل کو پٹڑی سے اتارنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن عام آدمی کا حکومت پر بھروسہ ہے۔ لیکن، ٹارگٹ کلنگ ایک چیلنج بنی ہوئی ہے جس پر قابو پانا ہو گا۔لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ اس سال کشمیر میں162دہشت گردی مارے گئے، جن میں سے تقریباً 40 غیر ملکی ہیں۔ سیاح بڑی تعداد میں آرہے ہیں۔ افسران دور دراز کے دیہی علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں جہاں پہلے کوئی کام نہیں ہوتا تھا۔ تاہم، انہوں نے مزید کہاکہ یہ سب پڑوسی کو پسند نہیں ہے لیکن حکومت صورتحال پر توجہ دے رہی ہے اور سیکیورٹی گرڈ کے ساتھ رابطے میں ہے۔انہوںنے کہاکہ ایک وقت تھا جب ہندوستانی حکومت کا پیسہ دہشت گردی کو ہوا دینے کیلئے استعمال کیا جاتا تھا۔ اب اس نظام کو بہتر انتظام کے ساتھ ختم کر دیا گیا ہے۔ تاہم، دہشت گردی کے انتہائی ماحولیاتی نظام کو تباہ کرنا ہوگا۔ جیسا کہ میں پہلے ہی کہہ چکا ہوں، ہم امن خریدنے میں یقین نہیں رکھتے بلکہ امن قائم کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔منوجسنہا نے کہا، اگرچہ حکومت دہشت گردی اور اس کے سپورٹ بیس پر بہت سخت ہے، ساتھ ہی اس نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران معصوم شہریوں کیخلاف کوئی کارروائی نہ کی جائے۔اس سوال کے جواب میں کہ ملک دشمن عناصر انتظامیہ میں بھی داخل ہو گئے ہیں، لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ ان میں سے بہت سے لوگوں کی شناخت کر کے انہیں خدمات سے ہٹا دیا گیا ہے۔ یہ عمل جاری رہے گا اور مزید ایسے فسران کو سسٹم سے نکالا جائے گا۔ایک اور سوال کے جواب میں منوج سنہا نے پاکستان کا نام لیے بغیر کہا کہ لوگوں کو احساس ہو گیا ہے کہ وہاں بجلی، ایمبولینس، ادویات وغیرہ نہیں ہیں، ان کی معیشت تباہ ہو چکی ہے،دنیا دیکھ رہی ہے کہ کون سا ملک دہشت گردی کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے۔اسمبلی انتخابات کے انعقاد کے سوال پر، لیفٹنٹ گورنرمنوج سنہا نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حد بندی کمیشن کا عمل ختم ہوچکا ہے اور رائے دہندوں کی فہرستوں نظرثانی جاری ہے۔ تاہم، انہوں نے کہاکہ یہ الیکشن کمیشن ہے جسے یہ فیصلہ کرنا ہے کہ انتخابات کب ہوں گے۔انہوںنے کہاکہ جب جموں و کشمیر انتظامیہ سے رائے پوچھی جاتی ہے۔ ہم دیں گے۔منوج سنہا نے ساتھ ہی کہا کہ ہم انتخابات کے انعقاد کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔










