سری نگر// پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے منگل کو کہا کہ بہت بدقسمتی کی بات ہے کہ غلام نبی آزاد نے دفعہ 370 کی بحالی کے حوالے سے جموں و کشمیر کے لوگوں کی امیدوں کو چھیننے کی کوشش کی ہے۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، محبوبہ نے کہا کہ غلام نبی آزاد کے قد کے لیڈر کو اس طرح کی بات نہیں کرنی چاہیے تھی۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو غلام نبی آزاد جیسے لیڈروں سے بہت امیدیں ہیں، لیکن یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ انہوں نے آرٹیکل 370کی بحالی کے حوالے سے جموں و کشمیر کے لوگوں سے امیدیں چھین لی ہیں۔نہوں نے مزید کہا کہ یہاں بہت سی پارٹیاں ہیں، جو جموں و کشمیر میں بی جے پی کے بیانیے کا پرچار کر رہی ہیں، اور ساتھ ہی غلام نبی آزاد کا اس طرح کی بات کرنا انتہائی افسوس ناک ہے۔انہوں نے کہا کہ جب ہم برطانوی سلطنت کو شکست دے سکتے ہیں تو پھر ملک میں بی جے پی کے عزائم کو شکست دینا ناممکن نہیں ہے۔خیال رہے کانگریس کے سینئر بھاگی رہنما غلام نبی آزاد نے گزشتہ دنوں شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ایک تقریب میں تقریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں دفعہ370کو واپس نہیں لا سکتا ہوں ۔انہوں نے کہا تھا کہ میں اس طرح سے جموںو کشمیر کے لوگوں کو دھوکہ نہیں دے سکتا ہوں۔










