ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم نے جموں ضلع میں جے جے ایم کے نفاذ کا جائیزہ لیا

عملدرآمد کے عمل میں شفافیت اور احتساب کو برقرار رکھنے پر زور دیا

جموں//ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم آر کے گوئل نے جموں ضلع میں جل جیون مشن ( جے جے ایم ) پروجیکٹ کے نفاذ کا جائیزہ لینے کیلئے آج یہاں منعقدہ ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں ڈی سی آفس میں سول کم الیکٹرو مکینک ورکس اور مواد ک خریداری پر خصوصی توجہ دی گئی ۔ ڈویژنل کمشنر جموں رمیش کمار ، ڈپٹی کمشنر اونی لواسا ، ایس ای پی ایچ ای سُمت پوری ، سی پی او یوگندر کٹوچ کے علاوہ متعلقہ محکمے کے دیگر سینئر افسران نے میٹنگ میں شرکت کی ۔ ڈپٹی کمشنر جموں نے ایک پاور پوائینٹ پرذنٹیشن کے دوران بتایا کہ جے جے ایم کے تحت 272 پروجیکٹس ہیں جو زیر عمل ہیں اور اس مقصد کیلئے ضلع ایکشن پلان کے تحت 1200 کروڑ روپے سے زیادہ کی منظوری دی گئی ہے ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے جل جیون مشن کے تحت کاموں کی انجام دہی اور معاہدوں کو حتمی شکل دینے کے بارے میں دریافت کیا ۔ انہوں نے ٹینڈرنگ کی صورتحال ، بولیوں کی جانچ اور سول ورکس کی الاٹمنٹ کا جائیزہ لیا اور اس کے علاوہ جے جے ایم کے تحت پائپوں کی خریداری کے سلسلے میں حاصل ہونے والی پیش رفت کا جائیزہ لیا ۔ اس موقع پر مسٹر گوئل کو بتایا گیا کہ زیادہ سے زیادہ ٹینڈر جاری کئے گئے ہیں اور بور ویل ، ٹیوب ویل ، اوور ہیڈ ٹینک اور فلٹریشن پلانٹس کی تکنیکی اور مالیاتی جانچ جاری ہے ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ٹینڈرنگ اور جانچ کے عمل میں تیزی لائی جائے اور کاموں کی الاٹمنٹ کو مقررہ تاریخوں تک یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے افسران پر بھی زور دیا کہ وہ عملدرآمد کے عمل میں شفافیت اور جوابدہی کی اعلیٰ سطح کو برقرار رکھیں اور مختلف کاموں کی تکمیل کیلئے مقرر کردہ ٹائم لائینز کو پورا کریں ۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ مقررہ ٹائم لائن کے اندر فیز II کے تحت ہر دیہی گھرانے کو فنکشنل ہاوس ہولڈ ٹیپ کنکشن ( ایف ایچ ٹی سی ) فراہم کرنے کے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے مربوط کوششیں کریں ۔