جولائی کے آخر تک مجموعی طورپر غیر معمولی موسم :ہفتے کوبھی بارش :محکمہ موسمیات
سری نگر//محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق جموں وکشمیر کے مختلف علاقوںمیں مرحلہ واربنیادوں پر بارشوںکاسلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ۔اس دوران دریائے چناب ،توی اورکشمیرمیں دریائے جہلم کے ساتھ ساتھ بیشتر ندی نالوںمیں بھی پانی کی سطح اونچی ہوگئی ہے،تاہم خطرے کے نشان سے نیچے ہے ۔سری نگر اوربڈگام سمیت کئی علاقوںمیں متعددبستیوںکی سڑکیں اورگلیاں زیرآب ہیں ۔اس دوران محکمہ موسمیات نے جمعے اورہفتے کی دوران شب شمالی اوروسطی کشمیر کے ساتھ ساتھ جموں میں بھی درمیانہ درجے کی بارشوںکاامکان ظاہر کیا۔محکمہ موسمیات نے پھرکہاہے کہ جموں وکشمیرمیں 31جولائی تک مجموعی طورپرموسم غرمعمولی رہے گا۔جے کے این ایس کے مطابق سری نگرشہر اوروادی کے بیشترعلاقوںمیں جمعرات اورجمعے کی درمیانی رات بارشوں کاسلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا جبکہ جموں صوبے میں بھی موسمی صورتحال کچھ ایسی ہی رہی ۔سری نگرمیں جمعے کی صبح بونداباندی کے بعدموسم خشک رہا تاہم دن بھر بادلوں اورسورج کی آنکھ مچولی جاری رہی ۔بارہمولہ سمیت شمالی کشمیر کے کئی علاقوںمیں بھی دوران شب وقفے وقفے سے بارشیں ہونے کے بعدجمعے کی صبح کہیں تیز توکہیں کم بارشیں ہوئیں ۔جنوبی کشمیر سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق اننت ناگ ،کولگام ،پلوامہ اورشوپیان میں دوران شب موسلا دار بارشوں کاسلسلہ جاری رہا اورپھر جمعے کویہاں کئی علاقوںمیں مرحلہ وار بنیادوں پروقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی ،جنوبی کشمیرمیں دوران شب موسلا دار بارشیں ہونے کے بعددریائے جہلم میں پانی کی سطح کئی فٹ بڑھ گئی ،تاہم محکمہ اری گیشن وفلڈ کنٹرول کے ذرائع نے بتایاکہ جہلم میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے کافی نیچے ہے ۔اُدھر جموں صوبے میں بھی موسم دگرگوں رہا ۔وہاں بھی کئی علاقوںمیں دوران شب تھوڑی تھوڑی بارش ہوتی رہی ،تاہم جمعے کے روز جموں صوبے کے بیشترعلاقوںمیں موسم خشک اورگرم رہا۔اس دوران حکام نے بتایاکہ جمعرات کے برعکس جمعے کودریائے چناب اوردریائے توی میں پانی کی سطح کم پائی گئی ۔انہوںنے بتایاکہ چناب میں جمعرات کی سہ پہر پانی کی سطح35فٹ ہونے کے بعدالرٹ جاری کیاگیا تھا ۔انہوںنے کہاکہ ابھی خطرہ برقرار ہے ،کیونکہ موسم صورتحال پوری طرح سے بہتر نہیں ہوئی ہے ۔دریں اثناء محکمہ موسمیات نے جمعرات کوخبردارکیاکہ مانسون کے امتزاج کیساتھ مغربی ہوائوںکی خلل اندازی کے باعث جموں وکشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران درمیانہ تا شدید بارشوںکاامکان ہے ۔ محکمہ موسمیات نے موسم کے تیکھے تیوروںکودیکھتے ہوئے ایک ایڈوائزری بھی جاری کردی ،جس میں لینڈ سلائڈنگ ،پتھر گرنے ،سیلابی ریلوں اوردن کے درجہ حرارت میں کمی کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے جموں وکشمیرمیں بدھ کی سہ پہر ،شام اورپھردوران شب مختلف علاقوںمیں موسلادار بارشیں وژالہ باری ہونے ،تیز ہوائیں چلنے اورکچھ مقامات پر بادل پھٹنے کے بعدپید اہوئی سیلابی صورتحال کے بعدجمعرات کوموسمیاتی تغیر وتبدل کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا ۔محکمہ موسمیات نے کہاکہ جموں وکشمیرمیں مانسون کے امتزاج کیساتھ مغربی ہوائوںکی خلل اندازی کے باعث اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران مختلف اورمخصوص علاقوںمیں درمیانہ درجے سے لیکر شدیدیاموسلا دار بارشیں ہونے کاامکان ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائوں کا خلل جموں و کشمیر کے کچھ حصوں میں اعتدال سے لے کر بھاری شدت کی بارش پیدا کرے گا۔متعلقہ محکمہ کے مطابق جموں وکشمیرمیں 31جولائی تک بے ترتیب موسم ،بارش کا موسم جاری رہنے کا امکان ہے لیکن مسلسل بارش کی توقع نہیں ہے۔محکمہ موسمیات نے کہاکہ آج یعنی جمعرات کوپورے جموں وکشمیرخصوصاً جموں خطہ میں اچھی بارش ہوئی اور مانسون اور مغربی ہوائوںکے اثر کی وجہ سے آنے والے چند دنوں میں مزید بارش کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات نے کے مطابق اب دوپہر سے موسم میں بہتری کا امکان ہے تاہم رات اور صبح کے اوقات میں دوبارہ بارش ہوسکتی ہے۔جولائی کے آخر تک جموں و کشمیر کے بیشتر مقامات پر مجموعی طور پر غیر معمولی موسم کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات نے بیان میں ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے خبردار کیاکہ جموں و کشمیر کے کمزور علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ممکن ہے، کمزور علاقوں میں سیلاب کاامکان ہے ، دن کے درجہ حرارت میں کمی ہوگی اور جموں سری نگر قومی شاہراہ لینڈ سلائیڈنگ اورپتھر گرنے کی وجہ سے بند ہوسکتی ہے ۔










