454گرام ہیروئن اور73500روپے ضبط ،کیس درج
ہندوارہ//منشیات فروشوں کے خلاف ایک اور بڑی کارروائی میں، کپواڑہ پولیس نے ضلع میں2 الگ الگ معاملات میں منشیات کی فروخت میں ملوث 6 افراد کو گرفتار کیا ۔جے کے این ایس نامہ نگار طارق راتھر کے مطابق جمعرات کی شام کرناہ میں کلتھا کراسنگ پر معمول کے ناکے کی چیکنگ کے دوران پولیس تھانہ کرناہ کی ایک ٹیم نے ایس ایچ او مدثر احمد کی سربراہی میں 3 منشیات فروشوں محمد الطاف کھٹانہ ولد کلام الدین کھٹانہ ساکنہ ڈریگر، ماجد احمد شیخ ولد محمد یوسف شیخ اور نثار احمد مغل ولد محمد سید مغل ساکنہ خاورپارہ کرناہ کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے70گرام ہیروئن جیسی نشہ آور چیز برآمد کر لی۔ حراست میں پوچھ گچھ کے دوران ملزم الطاف احمد کھٹانہ نے اپنے گھر کے قریب منشیات کی فروخت سے حاصل ہونے والی نقدی اور منشیات کی کچھ مزید مقدار مشترکہ طور پر چھپانے کا اعتراف کیا۔ مذکورہ ملزم کے اعترافی بیان پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس پارٹی ایگزیکٹو مجسٹریٹ اول کلاس چمکوٹ کے ہمراہ موقع پر پہنچی اور ملزم کی نشاندہی پر موقع سے350 گرام ہیروئن جیسے مادہ اور 73500 روپے نقدی برآمد کر کے قبضہ میں لے لی۔ لہٰذا، کیس میں مجموعی طور پر 420 گرام ہیروئن جیسے نشہ آور مادہ اور 73500 روپے کی نقدی برآمد کی گئی ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ منشیات اور نقدی کی برآمدگی کے معاملے میںمقدمہ ایف آئی آر نمبر 53/2022 دفعہ8/21,29 این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت تھانہ کرناہ میں درج ہے۔ منشیات فروشوں کے خلاف اسی طرح کی ایک اور کارروائی میں پولیس چوکی بازار کپواڑہ کی ایک پولیس ٹیم نے جمعرات کو دیر شام اس کے انچارج سمیر احمد کی قیادت میں سلکوٹ کپواڑہ میں ایک ناکے کے دوران اعجاز احمد چیچی ولد عبدالمجید نامی3بدنام زمانہ منشیات فروشوں کو گرفتار کیا۔ ان کی ذاتی تلاشی پر ان کے قبضے سے تقریباً34 گرام وزنی ہیروئن برآمد ہوئی۔ مقدمہ ایف آئی آر نمبر192/2022 دفعہ 8/21,29 این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت پولیس اسٹیشن کپواڑہ میں درج کیا گیا ہے اور تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ ضلع بھر میں کپواڑہ، کرالپورہ اور کرناہ کے تھانوں کے پانچ مختلف مقدمات میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران منشیات فروشوں کی کل9 گرفتاریاں کی گئی ہیں۔










