موبائل فون چوروں کے گروہ کاپردہ فاش، 3ملزمان گرفتار:پولیس

سری نگر//بڈگام پولیس نے موبائل فون چوروں کے ایک گروہ کاپردہ فاش کرتے ہوئے 3ملزمان کی گرفتاری عمل میں لاکر اُن کی تحویل سے ابتک8موبائل فون برآمد کرلئے ۔جے کے این ایس کے مطابق ایک بیان میں پولیس نے بتایاکہ موبائل فون چھیننے کاایک معاملہ 24گھنٹوںمیں حل کیا گیا ۔ بیان میں پولیس کے ایک ترجمان نے کہا کہ28جولائی2022 کو پولیس اسٹیشن بڈگام کو ایک مزدور محمد دلشاد ولد محمد نعیم ساکنہ شمرا بہار جواس وقت نصراللہ پورہ بڈگام میں میسن کے طور پر کام کرتاہے ،کی شکایت موصول ہوئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ2نامعلوم افراد اس کا سیل فون چھین لیا۔اس کی شکایت پرپولیس تھانہ بڈگام میں ایف آئی آر نمبر 249/2022 قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت درج کیا گیا اور اس کی تحقیقات شروع کردی گئی۔دوران تفتیش، تفتیشی افسرپولیس سب انسپکٹر عادل احمد نے سرتوڑ کوششیں کیں اورموصوف پولیس افسر واردات کے24 گھنٹے کے اندر موبائل فون چھیننے میں ملوث2ملزمان کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ ترجمان نے بتایا کہ گرفتار افراد کے انکشاف پر، چھینے گئے مختلف کمپنیوں یاکوالٹی کے8 موبائل برآمد ہوئے۔پولیس نے بتایاکہ موبائل فون چھینے کاجرم انجام دینے والے گرفتار ملزمان میں شبیر احمد ڈار عرف صابہ چیلا ولد علی محمد ڈار اور عبدالرشید راتھر عرف ریش متو ولد محمد سبحان راتھر ساکنان نصراللہ پورہ بڈگام شامل ہیں۔پولیس کے مطابق پوچھ گچھ کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا کہ چوری شدہ موبائل ایک دکاندار ارشاد احمد ڈار ولد گلزار احمد ڈار ساکن پٹھان پورہ نصراللہ پورہ کو فروختکئے گئے جنہیں مذکورہ کیس میں گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ مزید پوچھ گچھ جاری ہے۔