ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے گورنمنٹ پولی تکنیک میں داخلوں کی صورتحال کا جائزہ لیا

سری نگر//پرنسپل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ( ایس ڈی ڈی ) ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے آج جموںوکشمیر کے سرکاری پولی تکنیک کالجوں میں داخلوں کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اَفسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ، سیکرٹری بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن ( بی او ٹی اِی ، جے اینڈ کے بورڈ آف سکول ایجوکیشن کے اَفسران ، تمام سرکاری پولی ٹیکنیک کے پرنسپلوں ، اے آئی سی ٹی اِی اور پرائیویٹ پولی تکنیک کے نمائندوں نے ذاتی طور پر اور بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ میٹنگ میں شرکت کی۔پرنسپل سیکرٹری نے تمام پولی تکنیک میں داخلے کے عمل کے سلسلے میں تمام متعلقہ اَفسران کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ بی او ٹی اِی نے تین سالہ ڈپلوما پروگرام میں داخلوں کے لئے درخواستیں طلب کی ہیں اور اَب تک بورڈ کو 3,060 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ درخواستوں کی وصولی کی تاریخ مئی کے پہلے ہفتے میں شروع کی گئی تھی اور درخواستوں کی وصولی کی ٹائم لائن میں تین بار توسیع کے ساتھ یہ عمل تا حال جاری ہے ۔میٹنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ داخلہ کا عمل اَپنے آخری مرحلے میں اور درخواست دہندگان کے اِندراج کے مزید عمل کے لئے حتمی درخواستیں متعلقہ کالجوں کو بھیجی جائیں گی۔ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے گورنمنٹ پولی تکنیک کے پرنسپلوں سے کہا کہ وہ تعلیمی سیشن کے لئے صد فیصد اَنرولمنٹ کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے پرنسپلوں سے یہ بھی کہا کہ وہ جاری داخلوں کی وسیع تشہیر کریں تاکہ ان پولی تکنیک میں زیادہ سے زیادہ طلباء کے داخلے کی حوصلہ اَفزائی کی جاسکے ۔اُنہوں نے پرنسپلوں کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ دُور دراز کے طلباء کے لئے ہوسٹل کی سہولیات کے لئے کرائے کی عمارتیں اَپنے پاس رکھیں۔