dooran

محکمہ قبائلی امور نے این اِی اِی ٹی اور جے اِی اِی کوچنگ کیلئے سلیکشن لسٹ جاری کی

سری نگر//محکمہ قبائلی اَمور نے آج ٹاپ 50 کوچنگ سکیم کے تحت سلیکشن لسٹ جاری کی ہے ۔ محکمہ نے مہینے کے شروع میں سکیم کا آغاز کیا جس کا مقصد این اِی اِی ٹی اور جے اِی اِی کورسوں کی تیاری کرنے والے ہونہار اور مستحق قبائلی طلباء کو کوچنگ فراہم کرنا ہے ۔سیکرٹری محکمہ قبائلی امور ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے کہا کہ پورٹل کے ذریعے موصول ہونے والی سینکڑوں درخواستوں میں سے کل 153 طلاب کو محکمہ نے شارٹ لسٹ کیا ہے ۔ مناسب جانچ پڑتال اور تشخیص کے بعد کل 50 قبائلی طلباء کا اِنتخاب کیا گیا ہے جنہیں معروف کوچنگ اِداروں کے ذریعے کوچنگ دی جائے گی۔ اِس سکیم کو ٹرائبل ریسرچ اِنسٹی چیوٹ کے ایجوکیشن وِنگ سے عملایا جارہا ہے۔ایک آفیسر نے بتایا کہ آج کی سلیکٹ لسٹ میں کٹ آف پوائنٹ 89.4 فیصد قرار دیا گیا ہے جس میں کل 50طلباء کی فہرست میں 20 طالبات شامل ہیں۔کوچنگ کا عمل اگست کے مہینے میں شروع ہوگا ۔پیشہ ورانہ کورسوں جیسے ایم بی بی ایس ، بی وِی ایس سی او راے ایچ ، بی ڈی ایس ، بی اے ایم ایس ، بی اِی وغیرہ میں داخلے کے لئے منتخب طلباء کو مختلف پیشہ ورانہ کورسوں کے لئے 70,000سے 75,000 روپے کی سالانہ سکالر شپ فراہم کی جائے گی۔واضح رہے کہ محکمہ نے قبائلی تعلیم کے لئے مختلف اقدامات شروع کئے ہیں جن میں سکالر شپ میں زائد اَز صد فیصد اضافہ ، قبائلی بچوں کے لئے خصوصی سکالر شپ سکیم ، قبائلی علاقوں میں سمارٹ سکول ، ٹیوشن فیس میں چار گنا اِضافہ ، خوراک میں اِضافہ اور یونیفارم چار جز تقریباً صد فیصد ، ہوسٹلوںکو سال بھر میں فعال کرنا، نئے ہوسٹلوں کی تعمیر ، رہائشی سکول ، ہونہار طلباء کو ایوارڈز ، ہوسٹل کے طلبہ کے لئے آئی ٹی سے متعلق اَقدامات وغیرہ شامل ہیں۔