جموں کشمیر اسمبلی انتخابات :سیاسی جماعتوں کے ساتھ تبادلہ خیال کی غرض سے

15اگست کے بعد نئی دلی میں وزیر داخلہ کی قیادت میں اہم میٹنگ منعقد ہوگی

سرینگر//جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں 15اگست کے بعد نئی دلی میں وزیر داخلہ امت شاہ کی سربراہی میںایک اہم میٹنگ منعقد ہونے جارہی ہے جس میںالیکشن کے حوالے سے لائحہ عمل پر بات چیت کی جائے گی ۔ ذرائع کے مطابق پیپلز کانفرنس اور اپنی پارٹی کو حکومت بنانے کا موقع فراہم کیا جائے گا البتہ بی جے پی کی مقامی اکائی پارٹی کا ہی وزیر اعلیٰ بنانے پر بضد ہے ۔ سی این آئی کے مطابق جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے حوالے سے مقامی اور قومی سیاسی جماعتیں متحرک ہوگئی ہیں ۔ سیاسی جماعتوں کی جانب سے مقامی سطح پر جلسے اور پارٹی میٹنگیں تیز ہوگئی ہیں۔ خاص کر پیپلز کانفرنس اور اپنی پارٹی مقامی سطح پر راہ ہموار کرنے کی غرض سے علاقائی نشستیں منعقد کررہی ہیں اور لوگوںکی زیادہ سے زیاہ حمایت حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ دوسری طرف نیشنل کانفرنس ، کانگریس اور پی ڈی پی اور دیگر جماعتیں بھی اگرچہ سرگرم ہیںتاہم ان کی سرگرمیاں محدود ہیں۔ ادھرباوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات منعقد کرانے کے سلسلے میں 15اگست کے بعد نئی دلی میں وزیر داخلہ امت شاہ کی سربراہی میں ایک اہم میٹنگ منعقد ہونے جارہی جس میں جموں کشمیر کی تمام مین سٹریم سیاسی جماعتوں کی شرکت متوقع ہے ۔ اس میٹنگ میں بی جے پی کی ریاستی اکائی کے لیڈران بھی شرکت کررہے ہیں ۔ذرائع کے مطابق اس میٹنگ میں سیاسی جماعتوں کے لیڈران کے ساتھ صاف و شفاف طریقے سے انتخابی عمل کو عملانے پر بات کی جائے گی اور اس الیکشن میں تمام سیاسی جماعتوں کو اپنی قسمت آزمانے کا برابر موقع فراہم کیا جائے گا۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ مرکزی حکومت پیپلز کانفرنس اور اپنی پارٹی کو اقتدار میں دیکھنے کی متمنی ہے اور انہی جماعتوں کو حکومت بنانے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ ادھر ذرائع نے بتایا کہ بی جے پی مقامی یونٹ کی جانب سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ بی جے پی کا ہی وزیر اعلیٰ بنے خاص کر جو جموں سے تعلق رکھتا ہو۔ ذرائع کے مطابق بی جے پی جموں کے ساتھ ساتھ وادی کشمیر میں بھی سبھی نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑا کررہی ہے اور زیادہ سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے کی فراق میں ہیں۔