دفاتر میں افسران کی غیر موجودگی سے لوگوں کے مسائل جوں کے توں
سرینگر/ //سرکارکی جانب سے ’’گوڈ گورننس‘‘ کے اعلانات کے باوجود بھی لوگوں کو سرکاری دفاتر میںکوئی سہولیات مئیسر نہیں ہے ۔ جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں ضلعی دفاتر میں ڈسٹرکٹ افسران کی غیر موجودگی کے نتیجے میں عام لوگوں کو شدید پریشانیوںکاسامناکرنا پڑرہا ہے ۔ا س کے علاوہ کسی بھی حلقہ میں متعلقہ پٹواری حاضر نہ ہونے سے بھی لوگوں کو اپنے مسائل کے حوالے سے ذہنی کوفت کا سامنا ہے ۔ لوگوں نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ افسران اور پٹواریوںکی حاضری ڈی سی صاحبان کے پاس ہونی چاہئے تاکہ وہ اپنے متعلقہ دفاتر میں حاضر رہ سکیں اور لوگوں کے مسائل حل ہوں ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں ڈسٹرکٹ افسران اپنے متعلقہ دفاتر میں موجود نہ رہنے سے لوگوںکو شدید دشواریاںپیش آرہی ہیں اور ہفتے دفاترکاچکر کاٹنے کے باجود بھی افسران نہیں ملتے ہیں۔ لوگوں کے جب دفاتر میں افسران کے پاس کوئی کام ہوتا ہے تو ان کے دفاتر کے چپراسی اوردیگر ملازمین کہتے ہیںکہ وہ دورے پر ہیں اور ہر وقت عام لوگوںکویہی جواب ملتا ہے جبکہ افسران یا تو اپنے گھروں میں ہوتے ہیں یا پھر جموںمیں وقت گزاری کرتے ہیں جس کے باعث عام لوگوںکا کوئی بھی کام انجام تک نہیں پہنچتا ۔ اسی طرح پٹواریوں کے بارے میں بھی لوگوں نے کہا ہے کہ پٹواری کبھی بھی اپنے حلقہ میں موجود نہیں رہتے جب بھی ان سے کوئی کا م ہوتا ہے تو ان کو ڈھونڈنے میں ہفتوں لگ جاتے ہیں لیکن وہ ہاتھ نہیں آتے ۔ عبدالحسیب ملک نے سی این آئی نمائندے امان ملک کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کو اپنے والد کی ڈیتھ سرٹفکیٹ بنانے تھی تاہم پٹواری ایک ہفتے سے مل ہی نہیںرہا ہے ۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ دفتروں میں تعینات افسران اور پٹواریوں کی متعلقہ ڈی سی آفیسران کے پاس حاضری ہونی چاہئے ۔ لوگوں نے اس سلسلے میں مطالبہ کیاہے کہ ضلع افسران اور پٹواریوں کی حاضری ڈی سی صاحبان کے پاس ہونی چاہئے تاکہ وہ اپنے دفتروں اور حلقہ جات میں موجود رہیں ۔ انہوںنے بتایا کہ ایک طرف سرکار گوڑ گورننس کا ڈھنڈورا پیٹتی ہے تو دوسری طرف زمینی سطح پر گورننس کہیں پر موجود نہیں ہے ۔










