سرینگر / / ’’ہر گھر ترنگا‘‘ مہم کے تحت 13 سے 15 اگست کے درمیان گھروں اور دکانوں پر قومی پرچم لہرانا یا آویزاں کرنا ایک رضاکارانہ تحریک ہے اور اس میں کوئی مجبوری نہیں ہے کی بات کرتے ہوئے صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ قوم کی تعمیر اور اس کے تحفظ میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے اگنی پتھ اسکیم کے عمل میں حصہ لیں۔سی این آئی کے مطابق سرینگر میں ایک تقریب کے دوران نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے نے کہا کہ وہ ان شہریوں کا خیرمقدم کرتے ہیں جو 13 سے 15 اگست کے درمیان اپنے گھروں یا دکانوں پر ترنگا لہرانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ تحریک رضاکارانہ بنیادوں پر ہے۔انہوں نے کہا کہ “ہر گھر ترنگا” اقدام اپیل، رضاکارانہ اور آگاہی کی بنیاد پر ہے اور اس میں کوئی جبر نہیں ہوگا۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ 75 ویں یوم آزادی سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے عوام سے 13 اور 15 اگست کے درمیان اپنے گھروں میں قومی پرچم لہرا کر یا ا?ویزاں کرکے ’ہر گھر ترنگا‘ تحریک کو مضبوط بنانے کی اپیل کی۔اس موقعہ پر صوبائی کمشنر نے اگنی پتھ اسکیم کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔انہوںنے نوجوانوں پر زور دیا کہ ’’قوم کی تعمیر اور اس کے تحفظ میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے اگنی پتھ اسکیم کے عمل میں حصہ لیں۔اپنی تقریر میں انہوںنے کہا کہ ’’اگنی پتھ اسکیم ابھرتے ہوئے نوجوانوں کو اگنیور بننے کے لیے مسلح افواج میں خدمات انجام دینے اور مسلح افواج کے نوجوان پروفائل کو فروغ دینے کا ایک اچھا موقع فراہم کرے گی‘‘۔انہوں نے کہا کہ اس سے ٹیک سیوی اور پرجوش مسلح افواج کی طرف عبوری تبدیلی آئے گی۔انہوںنے مزید کہا کہ اگنی پتھ اسکیم کا معاشرے پر اہم مثبت اثر پڑے گا، اور ملک میں بہت زیادہ حصہ ڈالے گا۔ورکشاپ نے تحریری امتحان، جسمانی امتحان اور اگنی پتھ اسکیم کی دیگر نمایاں خصوصیات کو اجاگر کرنے پر توجہ مرکوز کی۔










