yatra

جموں سے7053 یاتریوںکی کشمیر آمد میں خراب موسم حائل

سری نگر//خرابی موسمی اورسری نگر جموں شاہراہ کی خستہ حالی کے باعث 2مرتبہ جموں سے یاتریوںکی کشمیرروانگی میں خلل پڑنے کے بیچ ہفتے کوشاہراہ کی حالت پوری طرح ٹھیک نہ ہونے کے باوجود بھگوتی نگرجموں بیس کیمپ سے7053امرناتھ یاترا 2قافلوںمیں بال تل اورنون ون بیس کیمپ کی جانب روانہ ہوئے ۔اس دوران دونوں بیس کیمپوں سے ہفتے کی صبح کچھ تاخیر سے ہزاروں یاتری امرناتھ گھپاکی جانب روانہ ہوئے ،جن میں سے متعددگھوڑوں پرسوار ہوئے اورکئی ایک نے ہیلی کاپٹر میں بھی سفرکیا ،جے کے این ایس کے مطابق جموں سری نگر قومی شاہرا ہ پر ہفتے کوکسی بھی عام گاڑی کوچلنے کی اجازت نہیں دی گئی ،کیونکہ بارشوں کے باعث کئی مقامات پر پتھر اورمٹی کے تودے گرآئے ۔تاہم بھگوتی نگرجموں بیس کیمپ سے ہفتے کی صبح کچھ تاخیر سے 7053یاتریوں دوقافلوں میں کشمیرکی جانب روانہ ہوئے ۔پہلے قافلے میں شامل 2504یاتری88گاڑیوںمیں سوار ہوکر بال تل کی جانب روانہ ہوئے جبکہ دوسرے قافلے میں شامل 4649یاتریوںنے 155گاڑیوںمیں سوار ہوکر نون ون پہلگام کی جانب سفرشروع کیا ۔تاہم، پہلگام کی طرف جانے والا قافلہ بھگوتی نگر بیس کیمپ واپس لوٹ گیا کیونکہ جموں سری نگر ہائی وے بارش کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند ہو گئی تھی۔ بالتال جانے والے قافلے کو رام بن میں روک دیا گیا اور یاتریوں کو یہاںیاتری نواس کیمپ میں رکھا گیا۔حکام نے بتایاکہ ہفتے کوسہ پہرتک رام بن میں روکے گئے یاتری مقامی یاتری نواس میں ہی موجودتھے ۔انہوںنے کہاکہ شاہراہ کی حالت قابل آمدورفت ہونے کے بعدہی یاتریوںکویہاں سے آگے جانے کی اجازت دی جائیگی ۔اس دوران حکام نے بتایا کہ 30جون کوشروع ہونے والی 43روزہ سالانہ امرناتھ یاترا11، اگست کو رکھشا بندھن کے موقع پر ختم ہونے والی ہے۔