بندوق کھار محلہ ہزاری بازار رعناواری میں شبانہ آگ کی واردات

4کنبوں کامشترکہ 3منزلہ مکان مکمل طورپر خاکستر

سری نگر// سری نگر کے بندوق کھار محلہ ہزاری بازار رعناواری میں جمعے کودیر رات آگ کی ایک ہولناک وارادات میں4کنبوں کا مشترکہ3 منزلہ مکان جل کر خاکستر ہو گیا۔جے کے این ایس کے مطابق مقامی لوگوںنے بتایاکہ جمعے کورات دیر گئے تقریباًساڑھے 12بجے علاقہ رعناواری کے بندوق کھار محلہ میں واقع ایک رہائشی مکان میں آگ نمودار ہوئی۔انہوںنے کہاکہ آگ لگنے کے فوراً بعد لوگوں نے فائر اینڈ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کو فون کیا۔ فائر ٹینڈرز نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا۔ تاہم، ان کا کہنا تھا کہ جب تک آگ پر قابو پا لیا گیاتب تک ایک3منزلہ بڑامکان مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو چکا تھا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ آگ پہلی منزل سے بھڑک اٹھی اور جلد ہی پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔انہوںنے کہاکہ آگ کی واردات میں خاکستر ہونے والے تین مزلہ مکان میں فیاض احمد شاہ، نذیر احمد شاہ، غلام رسول شاہ اور نور محمد شاہ کے4خاندان رہے تھے ۔متاثرہ کنبوں کے افرادنے بتایاکہ ہم نے سب کچھ کھودیا،اب ہمارے پاس پہننے کیلئے کپڑے تک نہیں ،ہمارے پاس رزق اور سہارے کا کوئی ذریعہ نہیں ہے۔فائر اینڈ ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ کے ذرائع نے بتایا کہ بروقت کارروائی نے آگ کو بھیڑ بھاڑ والے علاقے میں پھیلنے سے روک دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔انہوںنے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ کی جانچ کی جا رہی ہے۔