صحت و طبی تعلیم محکمہ کو جموں اور سری نگر میں دو نرسنگ کالجوں کا اِنتظامی کنٹرول حاصل

سری نگر//اِنتظامی کونسل کی میٹنگ لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں جموں اور سری نگر کے دو بی ایس سی نرسنگ کالجوں کا اِنتظامی کنٹرول محکمہ صحت و طبی تعلیم کو منتقل کرنے کی منظور ی دی۔میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیور ائے بھٹناگر ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا اور لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار نے شرکت کی۔یہ بی ایس سی نرسنگ کالج 2016ء میں محکمہ اعلیٰ تعلیم کے ذریعے ایک گورنمنٹ کالج برائے خواتین گاندھی نگر جموں اور دوسرا گورنمنٹ کالج برائے خواتین ایم اے روڈ سری نگر میں قائم کئے گئے تھے ۔کورس کا پہلا بیچ ستمبر 2019ء میں شروع ہوا تاہم اِن کالجوں میں میڈیکل نصاب کے لئے تدریسی فیکلٹی محکمہ صحت و طبی تعلیم فراہم کر رہی تھی۔اِن کالجوں کو کھولنے کا مقصد صحت شعبے میں بالخصوص دونوں صوبوں کی طالبات کو فنی تعلیم فراہم کرنا تھا تاکہ صحت شعبے میں اِنسانی وسائل کی کمی کو دُور کیا جاسکے اور خواتین کا بااِختیار بنایا جاسکے۔اِنتظامی کونسل نے نرسنگ کالجوں کو شعبہ جاتی مہارت فراہم کرنے کے لئے اِنتظامی کنٹرول محکمہ صحت و طبی تعلیم کو منتقل کرنے کی منظوری دی ہے۔ اِس فیصلے کے بد اَب اِن کالجوں کی تمام آمدنی اور اخراجات محکمہ صحت و طبی تعلیم کے بجٹ میں جمع ہوں گے ۔ محکمہ صحت و طبی تعلیم اِن کالجوں میں مزید ترقی کی ذمہ داری بشمول داخلے ، تدریس ، ڈگریوں اور ڈپلوموں کے ایوارڈ بھی اُٹھائے گا ۔اِس کے مطابق دونوں کالجوں کے ساتھ اِندراج شدہ طلباء ، فیکلٹی اور متعلقہ اِنسانی وسائل اور تمام منقولہ اثاثے بھی محکمہ صحت و طبی تعلیم کو منتقل کئے جائیں گے۔