سرینگر//آل جموں و کشمیر ٹرانسپورٹ ویلفئر ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے آج یہاں راج بھون میں لفٹینٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی ۔ آل جے اینڈکے ٹرانسپورٹ ویلفئر ایسوسی ایشن کے چئیر مین ایس اجیت سنگھ کی قیادت میں وفد نے ایس پرمدیپ سنگھ پما ، شبیر احمد ، شیخ محمد یوسف اور عبدالمجید گاسی کے ساتھ یونین میں ٹرانسپورٹ سیکٹر سے متعلق کئی مسائل اور مطالبات پیش کئے ۔ چئیر مین اے جے کے ٹی ڈبلیو اے نے لفٹینٹ گورنر کا شکریہ ادا کیا کہ وہ ٹرانسپورٹرز کے تحفظات کے تئیں حساس ہیں اور وقتاً فوقتاً ان کیلئے مختلف امدادی اقدامات اور اسکیموں میں توسیع کرتے ہیں ۔ انہوں نے لفٹینٹ گورنر کو روزانہ کی بنیاد پر ٹرانسپورٹرز کو درپیش مختلف مسائل اور مشکلات سے بھی آگاہ کیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے وفد کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ان کے پیش کردہ حقیقی مسائل کو جانچنے اور ان کا جلد از جلد ازالہ کیا جائے گا ۔










