COVID-19

بانڈی پورہ اور گاندربل کے بعد اب سری نگر میں ماسک پہننا لازمی قرار

سرینگر// بانڈی پورہ اور گاندربل کے بعد سری نگر میں حکام نے منگل کو کووڈ-19کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر ضلع بھر کے تمام عوامی مقامات پر چہرے کے ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق ڈپٹی کمشنر سری نگر، محمد اعزاز کے ذریعہ جاری کردہ ایک حکم کے مطابق، جس کی ایک کاپی نیوز ایجنسی کے پاس ہے، جموں و کشمیر کے یوٹی میں حال ہی میں COVID-19کے معاملات میں اضافہ ہوا ہے۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ وزارت صحت اور خاندانی بہبود حکومت ہند کی طرف سے متعدد احتیاطی اقدامات کی سفارش کی جاتی ہے جیسے کہ کووڈ-19 سے بچاؤ کے مؤثر ذرائع کے طور پر وقتاً فوقتاً چہرے کے ماسک پہننا، سماجی فاصلہ برقرار رکھنا اور ہاتھ کی صفائی وغیرہ۔اس میں مزید کہا گیا کہ “ضلع بھر میں تمام عوامی مقامات پر فیس ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے جیسے تمام احتیاطی اقدامات پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانا ناگزیر ہو گیا ہے تاکہ کوویڈ 19 انفیکشن کے پھیلاؤ کو کم سے کم کیا جا سکے۔”حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ بالا کے پیش نظر اور صحت عامہ کے تحفظ کے لیے ضلع سری نگر میں تمام عوامی مقامات پر فیس ماسک کا استعمال لازمی ہو گا جو کہ اگلے احکامات تک فوری طور پر نافذ العمل رہے گا۔اس کے علاوہ، تمام ضلعی اور سیکٹرل افسران دفاتر میں تمام افسران اور اہلکاروں کی طرف سے چہرے کے ماسک کے استعمال کو یقینی بنائیں گے۔قبل ازیں، بانڈی پورہ اور گاندربل اضلاع میں حکام نے کووڈ-19 کے معاملات میں اضافے کے پیش نظر عوامی مقامات اور سرکاری دفاتر میں چہرے کے ماسک پہننے کو بھی لازمی قرار دیا تھا۔