جموں و کشمیر میں روزگار کی شرح کے بارے میں ضلع وار معلومات دستیاب نہیں:مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ
سری نگر//مرکزی سرکار نے منگل کو لوک سبھا کو مطلع کیاکہ جموں و کشمیر انتظامیہ نے 2019 سے اب تک سرکاری شعبے میں تقریباً30 ہزار لوگوں کو بھرتی کیا ہے۔جے کے این ایس کے مطابق مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ نتیانند رائے نے ایوان کویہ بھی کہا کہ اگست2019 سے جون 2022 تک خود روزگار اسکیموں کے ذریعے 5 لاکھ2ہزار لوگوں کیلئے روزگار پیدا کیے جانے کا اندازہ ہے۔انہوں نے رکن پارلیمان بینی بہانن کے تحریری سوال کا جواب دیتے ہوئے کہاکہحکومت جموں و کشمیر نے2019 سے اب تک پبلک سیکٹر میں کل 29ہزار806 بھرتیاں کی ہیں۔مرکزی وزیر کاکہناتھاکہ منسوخی دفعہ370کے بعد سے جون 2022تک جموں وکشمیرمیں 29ہزار سے زیادہ ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں جبکہ اندازہ ہے کہ خود روزگار اسکیموں کے ذریعے5 لاکھ سے زیادہ افراد کے لئے روزگار پیدا کیا گیا ہے۔انہوںنے کہا کہ جموں و کشمیر میں روزگار کی شرح کے بارے میں ضلع وار معلومات دستیاب نہیں ہے۔یادرہے جموں وکشمیر سال2018میں پی ڈی پی ،بی جے پی مخلوط سرکار گرنے کے بعدسے مرکز ی راج کے تحت ہے جبکہ 5اگست2019کوجموں وکشمیر کوآئین ہندکی دفعہ370کے تحت حاصل خصوصی پوزیشن ختم کردی گئی ،اورساتھ ہی جموں وکشمیر کاریاستی درجہ ختم کرکے اس کودویونین ٹریٹریوں جموں وکشمیر اورلداخ میں تقسیم کیاگیا۔










