مانسبل// سیکرٹری سیاحت سرمد حفیظ نے یہاں مانسبل کا دورہ کیا اور مشہور جھیل کے آس پاس سیاحوں کیلئے دستیاب بنیادی ڈھانچے کی سہولیات کا موقع پر ہی تفصیلی جائیزہ لیا ۔ ڈائریکٹر سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو ، سی ای او ولر مانسبل ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ افسران دورے کے دوران سیاحت کے سیکرٹری کے ہمراہ تھے ۔ دورے کے دوران بات کرتے ہوئے سرمد حفیظ نے کہا کہ مانسبل جھیل جموں و کشمیر کے سیاحتی نقشے میں ایک خاص مقام رکھتی ہے اور اس مقام پر آنے والے سیاح اس جھیل کی دلکش یادیں رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مانسبل جھیل کی اہمیت کو منانے اور سیاحوں کی توجہ مبذول کرانے کیلئے جلد ہی اس کے کنارے ایک میلہ منعقد کیا جائے گا ۔ سیاحت کے شعبے میں بدلے ہوئے منظر نامے کا ذکر کرتے ہوئے سیکرٹری سیاحت نے محکمہ سیاحت کے افسران پر زور دیا کہ وہ مقامی نوجوانوں اور مقامی طور پر تجارت سے وابستہ افراد کیلئے صلاحیت سازی کے پروگرام منعقد کریں تا کہ اس جگہ پر آنے والے سیاحوں کی بہتر خدمت ، مناسب رہنمائی اور پیشہ وارانہ سلوک کیا جا سکے ۔ سرمد حفیظ نے کہا کہ محکمہ کی جانب سے سیاحت کے شعبے کو ترقی دینے کیلئے قلیل اور طویل مدتی اقدامات کئے جا رہے ہیں جس سے لوگوں کی سماجی و اقتصادی حالت بدل جائے گی ۔ بعد میں مقامی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ حال ہی میں مطلع شدہ ہوم اسٹے پالیسی سے فائدہ اٹھائیں اور آمدنی پیدا کرنے کے پروگراموں میں شامل ہونے کیلئے خود کو رجسٹر کریں ۔ انہوں نے کہا کہ گھروں میں قیام کا مقصد نچلی سطح تک فوائد پہنچانا اور سیاحت کے شعبے کے ذریعے مقامی لوگوں کو فائدہ پہنچانا ہے ۔










