#samboora

سانبورہ پانپور میں پولیس سب انسپکٹر کی گولیوں سے چھلنی لاش برآمد

پانپور//جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے پانپور علاقے میں سنیچرکی دھان کے ایک کھیت سے ایک پولیس افسر کی گولیوں سے چھلنی لاش بر آمد کی گئی۔متوفی پولیس افسر کی شناخت فاروق احمد میر ولد عبدالغنی میر ساکن سامبورہ پانپورکے بطور ہوئی ہے۔جے کے این ایس کے مطابق کشمیر زون پولیس نے اپنے ایک ٹویٹ میں اس واقعے کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہاکہ آئی آر پی کی23ویں بٹالین سے وابستہ ایس آئی (ایم) فاروق احمد میرولدعبدالغنی میر ساکن سامبورہ پانپورکی لاش اس کے گھر کے نزدیک دھان کی کھیت سے بر آمد کی گئی۔ٹویٹ میں مزید کہا گیاکہ ابتدائی تحقیقات سے منکشف ہوا ہے کہ وہ جمعہ کی شام گھر سے کھیت میں کچھ کام کرنے کی غرض سے نکلا تھا جہاں ان کو جنگجوؤں نے پستول سے گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔بتایاجاتاہے کہ مقتول پولیس افسر کے جسم پرگولیوں کے نشانات پائے گئے۔ متوفی پولیس افسر کے پسماندگان میں والدین اور اہلیہ کے علاوہ 3 بچے ہیں جن میں ایک بیٹااور 2بیٹیاں شامل ہیں۔اس دوران معلوم ہواکہ مقتول سب انسپکٹر فاروق احمدمیرکی میت کولیتھ پورہ لیاگیا،جہاں پولیس کے سینئر افسروں بشمول اے ڈی جی پی آرمڈپولیس سیدجاویدمجتبیٰ گیلانی، ڈی آئی جی جنوبی کشمیر اورایس ایس پی پلوامہ نے مقتول پولیس افسرکے تابوت کوکاندھادیاجبکہ اسے پہلے یہاں ایک تقریب منعقد ہوئی ،جس دوران سینئرپولیس افسروںنے فاروق احمد میرکے تابوت پرگلباری کی اورمرحوم کوخراج عقیدت پیش کیاگیا۔بعدازاں سب انسپکٹر فاروق احمد میرکی میت کوآبائی گھرواقع سامبورہ پانپور پہنچایاگیا،جہاں کہرام مچ گیا۔سینکڑوں لوگوںنے برستی بارش کے باوجود مقتول پولیس افسر کی آخری رسومات میں شرکت کی جبکہ اس موقعہ یہاں سیکورٹی کے کڑے انتظامات کئے گئے تھے ۔