کرالہ گنڈہندوارہ،ہمہامہ بڈگام اور راجوری میں سڑک جادثات

74سالہ معمرشخص سمیت 2افرادلقمہ اجل ،متعددزخمی

سری نگر://سرحدی ضلع کپوارہ کے گناپورہ کرالہ گنڈ ،ہمہامہ بڈگام اور ٹھڈی کھنڈلی راجوری میں الگ الگ سڑک جادثات میں 2افرادلقمہ اجل بن گئے اورمتعددزخمی ہوگئے۔اس دوران نوگام بائی پاس سری نگرمیں کسی نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر زخمی ہونے والاعدم شناخت شدہ شخص اسپتال میں چل بسا۔جے کے این ایس کے مطابق جموں وکشمیرمیں سڑک حادثات کارونما ہونا روز کامعمول بن گیا ہے ۔معلوم ہواکہ سرحدی ضلع کپوارہ کے گناپورہ کرالہ گنڈ علاقہ میں ایک تیز رفتار ٹاٹا سوموگاڑی نے ایک معمر شخص کوکچل کر موت کی نیندسلادیا۔پولیس ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ بدھ کی صبح بارہمولہ ،ہندوارہ شاہراہ پرگناپورہ کرالہ گنڈ کے نزدیک ایک مسافر بردار ٹاٹا سوگاڑی زیرنمبرJK05B-3981نے تیز رفتاری سے چلتے ہوئے ایک بزرگ شہری کوٹکر ماردی ۔گاڑی کی زدمیں آکر زخمی ہونے والے 74سالہ محمدیوسف بٹ ساکنہ محمدصادق بٹ ساکنہ لال بگ گنا پورہ کرالہ گنڈ کوخون میں لت پت نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔کرالہ گنڈ پولیس نے سومو کوضبط کرنے کے ساتھ ساتھ اسکے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ، اور قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ادھر بدھ کو بعددوپہر ہمہامہ بڈگام میں ایک شخص چلتی بس سے گر کرلقمہ اجل بن گیا۔معلوم ہواکہ بڈگام سے سری نگرآرہی ایک مسافر بس زیر نمبرJK01D-8652میں سوار ایک شخص ہمہامہ کے نزدیک اچانک بس سے نیچے گرگیا۔کچھ مقامی افراد نے اسے فوری طور پر صدر ہسپتال منتقل کیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔پولیس نے متوفی کی شناخت نثار احمد پارہ ولد علی محمد ساکنہ مارواڑہ بڈگام کے طور پر کی اور بتایا کہ ایف آئی آر 144/2022کے تحت مقدمہ درج کرکے معاملے کی مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔اس دوران سری نگر کے مضافاتی علاقے نوگام بائی پاس میں گاڑی کی زد میں آکر ایک نامعلوم شخص اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ذرائع نے بتایا کہ پولیس تھانہ نوگام سے ایک پولیس پارٹی نے سڑک حادثے میں زخمی ہوئے ایک نامعلوم مرد کو گزشتہ روز صدراسپتال پہنچایا۔یہ شخص بدھ کی صبح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ پولیس نے نامعلوم ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جو مبینہ طور پر متاثرہ کو ٹکر مار کر موقع سے فرار ہو گیا تھا۔دریں اثناء راجوری سڑک حادثے میں درجنوں افرادکے زخمی ہونے کی اطلاع ملی ۔معلوم ہواکہ راجوری قصبہ کے نزدیک کھنڈلی علاقہ میں بدھ کو پیش آئے سڑک حادثے میں درجنوں مسافر زخمی ہو گئے۔حکام نے بتایا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب کوٹی دھرا سے راجوری کی طرف جانے والی ایک کنٹر بس زیرنمبرJK11-7786ٹھڈی کھنڈلی کے مقام پر ایک ٹپر سے ٹکرا گئی۔انہوں نے بتایا کہ منی بس الٹ گئی، جس کے نتیجے میں درجنوں مسافر زخمی ہو گئے۔حکام نے مزید کہا کہ تمام زخمیوں کو موقع سے نکال لیا گیا اور انہیں علاج کیلئے جی ایم سی اسپتال راجوری منتقل کیا گیا۔حکام نے مزید کہاکہ لیکن ابھی تک زخمیوں کی تعداد واضح نہیں ہے۔