محکمہ لائیبریزنے کتاب پڑھنے کو فروغ دینے کیلئے نمائش ، آگاہی پروگرام منعقد کیا

محکمہ لائیبریزنے کتاب پڑھنے کو فروغ دینے کیلئے نمائش ، آگاہی پروگرام منعقد کیا

سرینگر /محکمہ کُتب خانہ و تحقیق کی جانب سے آج اپنی پبلک لائبریریوں میں کتابوں کے عالمی دن 2022کو یاد گار بنانے کیلئے کئی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔ یونیسکو کی طرف سے 23اپریل کو کتاب اور کاپی رائٹ کا عالمی دن قرار دیا گیا ہے کیونکہ یہ 1616 میں اس دن کی نشاندہی کرتا ہے جب ڈرامہ نگار /شاعر ولیم شیکسپیئر اور ناول نگار میگوئل ڈی سروینٹس دونوں کا انتقال ہوا تھا ۔ کتابوں کے عالمی دن پر دُنیا بھر میں کتابوں کے دائرہ کار کو پہچاننے کیلئے مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔یونیسکو کے ڈائریکٹر جنرل آڈرے ازولے نے کتاب کے عالمی دن 2022 کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ’’ درحقیقت کتابیں دُنیا بھر میں تعلیم ، سائینس ، ثقافت اور معلومات تک رسائی ، ترسیل اور فروغ کیلئے اہم جُز ہیں ۔ کتابوں کے عالمی دن کی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر ہر سال کتابوں کے ذریعے آزادی اظہار کوفروغ دینے کے عزم کی بنیاد پر ورلڈ بُک کیپٹل شہرکا انتخاب کیا جاتا ہے ۔ 2022 کیلئے کتاب کا دارالحکومت Guadalajara میکسیکو ہے ، جسے سماجی تبدیلی کو فروغ دینے اور ایک پُر امن ثقافت کی تعمیر کیلئے کتابوں کے استعمال کے منصوبے کیلئے منتخب کیا گیا ہے ۔ جموں و کشمیر یو ٹی میں عالمی یومِ کتاب 2022 کی تقریبات کے موقع پر اس دن کی مرکزی تقریب کا اہتمام محکمہ لائبریری و تحقیق نے ایس پی ایس سنٹرل لائبریری سرینگر میں کیا تھا ۔ یہ ایس پی ایس لائبریری کمپلیکس میں ایس پی ایس لائبریری اور اورینٹل ریسرچ لائبریری کے زیر اہتمام مشترکہ طور پر تاریخی مخطوطات ، نایاب کتابوں اور چھوٹے پینٹنگز کی ایک روزہ نمائش تھی ۔ نمائش کے اہم پر کشش مقامات میں قرابائی الدین ، سدھ پنڈ لقمان اور شاہنامہ فردوس جیسے قدیم نسخے شامل تھے ۔ نمائش میں کچھ نایاب کتابیں بشمول راج ترنگنی از کلہنا ، تاریخ رشیدی ، گزٹیئر آف انڈیا اور کشور ۔ ایک تاریخ کشمیر بھی نمائش میں رکھی گئی ۔ اورینٹل ریسرچ لائبریری ( او آر ایل ) سرینگر 1904 میں قائم کیا گیا ، مختلف شعبوں میں 17 زبانوں میں تقریباً 6000 صدیوں پرانے نایاب مخطوطات کا ذخیرہ ہے ۔ اس دن کی مناسبت سے ضلعی ، تحصیل اور بلاک لائبریریوں کی جانب سے کتابوں کے بارے میں بیداری پیدا کرنے اور پڑھنے کی عادت پیدا کرنے اور کتابوں سے لطف اندوز ہونے کو فروغ دینے کیلئے مختلف پروگرام بھی منعقد کئے گئے ۔ ڈائریکٹر لائبریریز اینڈ ریسرچ جموں و کشمیر محمد رفیع نے عالمی یومِ کتاب پر اپنے پیغام میں قارئین پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقے میں قریبی پبلک لائبریری کا دورہ کریں تا کہ وہاں دستیاب وسائل کے ان خزانوں سے استفادہ کیا جا سکے ۔