لفٹینٹ گورنر نے یو ٹی کی مساوی ترقی کیلئے ڈسٹرکٹ کیپیکس بجٹ 2022-23 کے تحت 22126.93 کروڑ روپے کی منظوری دی
جموں/ جموں و کشمیر یو ٹی کی مساوی ترقی کیلئے ایک اور تاریخی فیصلے میں 22126.93 کروڑ روپے کا ڈسٹرکٹ کیپیکس بجٹ 2022-23 جو گذشتہ سال سے 75فیصد زیادہ ہے ، منظور کیا گیا ہے ۔ لفٹینٹ گورنر منوج سنہا کی صدارت میںسول سیکرٹریٹ میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران تمام 20 اضلاع کیلئے بے مثال ڈسٹرکٹ کیپیکس بجٹ کو منظوری دی گئی ۔ ڈسٹرکٹ کیپیکس بجٹ کی اہم خصوصیات کو اجاگر کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ پنچائتوں، بی ڈی سی اور ڈی ڈی سی کی فعال شمولیت کے ساتھ باٹم اپ اپروچ اپناتے ہوئے پلان کو حتمی شکل دی گئی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی منصوبہ کا کلیدی مقصد پنچائتی راج نظام کو بااختیار بنانا اور شراکتی انتظام کے ذریعے بنیادی سطح کی جمہوریت کو مضبوط کرنا ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ پی آر آئی کو مضبوط کرنے کیلئے پنچائتوں کے حق میں ایک ہزار کروڑ روپے ، ڈی ڈی سیز کیلئے 200 کروڑ روپے اور بی ڈی سیز کیلئے 71.25 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں ۔ لفٹینٹ گورنر نے مزید کہا کہ یہ پی آر آئی کی فعال شرکت سے ہی ہم گذشتہ مالی سال میں 51891 منصوبوں کو مکمل کرنے کا ریکارڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ’ یہ کامیابیاں بے مثال ہیں اور پی آر آئیز ، عہدیداروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی لگن اور ٹیم ورک کے بغیر ممکن نہیں تھیں ۔ انہوںنے مزید کہا کہ ہدف کی بروقت تکمیل تبدیلی کی کلید ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر انتظامیہ نے ’ جن بھاگیہ داری کو پروجیکٹ کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد کے عمل کا سنگ بنیاد بنایا ہے ۔ پہلی بار تفصیلی غور و خوض کے بعد پی آر آئی اور انتظامیہ کی اجتماعی کوششوں سے ایک منصوبہ تیار کیا گیا ہے جو ہمارے لوگوں کی ترقی کی امنگوں کی صحیح عکاسی کرتا ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ’’ ہمارا مقصد ترقی کو ایک طاقتور عوامی تحریک بنانا ہے ، ہم اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کام کر رہے ہیں کہ محروم طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد سماجی انصاف ، مساوات سے لطف اندوز ہوں اور سماجی و اقتصادی سیڑھی پر آخری آدمی کو مساوی مواقع ملیں ‘‘۔ لفٹینٹ گورنر نے تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ ضلعی منصوبہ کے نفاذ میں شفافیت اور جوابدہی کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے کے علاوہ نوجوانوں کی شمولیت کے کلیدی شعبوں پر توجہ مرکوز کریں ۔ صحت کے بنیادی ڈھانچے اور مریضوں کی دیکھ بھال کے نظام کو اپ گریڈ کرنا ، تعلیم کے معیار کو بہتر بنانا ، بنیادی سہولیات کی مضبوطی ، آر اینڈ بی ، آر ڈی ڈی منصوبوں کا بروقت نفاذ جس کا نتیجہ اجتماعی طور پر ہمارے لوگوں کی سماجی و اقتصادی حیثیت کو بلند کرنے کا باعث بنے گا ۔ محکمہ خزانہ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اتل ڈولو نے پاور پوائینٹ پرذنٹیشن کے ذریعے ضلع وار کیپیکس بجٹ کی تفصیلات بتائیں اور متعلقہ اضلاع کے بجٹ کے اجزاء کی وضاحت کی ۔ ضلعی ترقیاتی کونسلوں کے چئیر پرسنز اور پی آر آئی ممبران ، لفٹینٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بٹھناگر ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ آر کے گوئل ، لفٹینٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار ، انتظامی سیکرٹریز ، ڈویژنل کمشنرز ، ڈپٹی کمشنرز ، محکموں کے سربراہان اور دیگر سینئر افسران نے ذاتی طور پر اور ورچول موڈ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی ۔










