گاندربل//ضلع اِنتظامیہ گاندربل آج اس نوجوان تک پہنچی جس نے منگل کو ہرن گاندربل میں خود سوزی کا اِنتہائی قدم اُٹھایا اور اُسے 50,000 روپے کی اِمداد فراہم کی۔ہرن گاندربل کے رہائشی عامر حامد شاہ نے یہ اِنتہائی اقدام محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کی جانب سے ہرن میں نالہ سندھ کے کنارے منہدم کرنے کی مہم کے دوران اُٹھایا اور اُسے موقعہ پر ہی بچالیا گیا تاہم آگ بجھنے سے پہلے ہی وہ جھلس کر زخمی ہو گیا اور سکمز صورہ میں زیر علاج ہے۔ضلع اِنتظامیہ کی جانب سے تحصیل دار لار نے آج سکمز کا دورہ کر کے ان کی صحت و عافیت دریافت کیا اور زخمیوں کو فراہم کی جارہی صحت دیکھ ریکھ سہولیات کے بارے میں خود جائزہ لیا۔اُنہوں نے ضلعی اِنتظامیہ کی جانب سے زخمی نوجوان سے ہمدردی کا اِظہار کیا اور انہیں پچاس ہزار روپے کی نقد اِمداد بھی دی۔اِس سے قبل ایڈیشنل ڈیولپمنٹ کمشنر گاندربل خورشید احمد شاہ جو کہ ایک اَنکوائری آفیسر کے طورپر تعینات ہیں ، نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا جہاں یہ واقع پیش آیا تاکہ اِس واقعہ کے پورے سپیکٹرم کے بارے میں انکوائری کی جاسکے جس کی وجہ سے متاثرہ کو یہ اِنتہائی قدم اُٹھانا پڑا۔










