29جنوری تک موسم خشک، 31جنوری کو ہلکی برف وباراں ہونیکاامکان
سری نگر//جمعرات کودھوپ نکلنے کے باوجود پورے کشمیرمیں دن کے وقت یخ بستہ ہوائیں چلتی رہیں ،جسکے نتیجے میں لوگوں کوسخت سردی کاسامناکرناپڑا۔اس دورن بد ھ اورجمعرات کی درمیانی رات وادی کشمیر کے بعض علاقوں میں ہلکی برف باری کے بیچ شبانہ درجہ حرارت ایک بار پھر نقطہ انجماد سے نیچے درج ہوا ۔جے کے این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات نے29جنوری تک موسم خشک مگر ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے 31جنوری کوجموں وکشمیرمیں کہیں کہیں ہلکی برف وباراں ہونے کاامکان ظاہرکیا ۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کی پیش گوئی کے مطابق جموں و کشمیر میں 29 جنوری تک موسم خشک مگر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔موصوف ترجمان نے کہا کہ وادی میں 30 جنوری کو مطلع مجموعی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور 31 جنوری کو کہیں کہیں ہلکے درجے کی برف باری یا بارشیں متوقع ہیں۔ادھر گرمائی دارلحکومت سری نگر جہاں دوران شب کہیں کہیں ہلکے درجے کا برف و باراں ہوا، میں کم سے کم درجہ حرارت1.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب اتنا ہی ریکارڈ ہوا تھا۔شمالی کشمیرمیں واقع وادی کے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کم سے کم درجہ حرارت منفی10.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔اُدھر جنوبی کشمیرمیں واقع وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام جہاں دوران شب 0.2 سینٹی میٹر تازہ برف جمع ہوئی ہے، میںبد ھ اورجمعرات کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی10.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں بد ھ اورجمعرات کی درمیانی راتکم سے کم درجہ حرارت منفی0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔دریں اثنا وادی میں جمعرات کو موسم صبح سے ہی خشک رہا اور آفتاب بھی بادلوں کی اوٹ سے باہر آنے میں کامیاب ہوا۔تاہم دھوپ نکلنے کے باوجود دن کے وقت یخ بستہ ہوائیں چلتی رہیں ،جسکے نتیجے میں لوگوں کوسخت سردی کاسامناکرناپڑا۔سری نگر میں لوگوں کو پارکوں، صحنوں اور دکان تھڑوں پر ہلکی سے دھوپ لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔ قابل ذکر ہے کہ وادی میں سردیوں کے بادشاہ40 روزہ چلہ کلان کے آخری دن چل رہے ہیں اور 31 جنوری کوچلہ کلان کا دور حکومت اختتام پذیر ہوگا۔اس کے بعد 20 روزہ چلہ خورد تخت نشین ہوگا ،اوراس دوران گرچہ بھاری برف باری کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے تاہم سردیوں کے زور میں بتدریج کمی واقع ہوگی۔چلہ بچہ کے10دن کشمیرمیں موسم سرماکے آخری ایام مانے جاتے ہیں تاہم اس دوران بھی برف وباراں ہوتی ہے ،اورسردی کی شدت برقراررہتی ہے۔










