جموں//جموں و کشمیر نے گاندر بل ، شوپیاں ، اننت ناگ اور پونچھ اضلاع میں پہلی خوراک کیلئے 15 سے 18 سال کی عمر کے گروپوں میں صد فیصد کووڈ ویکسی نیشن کا ہدف حاصل کر لیا ہے ۔ یہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں اہل لوگوں کی مکمل ویکسی نیشن کے ہدف کی طرف ایک بڑا قدم ہے ۔ اس کامیابی میں ضلعی انتظامیہ ،محکمہ صحت کے افسران اور فرنٹ لائین ورکرز کی کاوشیں قابلِ تعریف ہیں ۔ محکمہ صحت جموں و کشمیر میں بڑے پیمانے پر ویکسی نیشن کی مہم چلا رہا ہے ۔ اس سنگِ میل پر تبصرہ کرتے ہوئے صحت اور طبی تعلیم کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری وویک بھردواج نے کہا کہ معاشرے میں حفاظتی سلسلہ کو مکمل کرنے کیلئے نوجوان عمر کے گروپ میں ویکسی نیشن بہت ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ لوگوں کو ویکسین لگوانے کی ترغیب دینے کیلئے بھر پور مہم چلا رہا ہے نتیجے کے طور پر یو ٹی میں 2 کروڑ سے زیادہ اہل لوگوں کو ٹیکہ لگایا گیا ہے ۔ ہم جموں و کشمیر میں تمام عمر کے گروپوں میں صد فیصد ویکسی نیشن کے ہدف کو حاصل کرنا جاری رکھیں گے ۔ مجموعی طور پر 18 سال سے اوپر کی عمر کے صد فیصد اور 15 سے 18 سال کی عمر کے 60 فیصد لوگوں کو پہلی خوراک دی گئی ہے ۔










