سوپورقصبہ میں لاگونئے ٹریفک روٹ پلان پر تاجربرادری کو اعتراض

سوپورقصبہ میں لاگونئے ٹریفک روٹ پلان پر تاجربرادری کو اعتراض

2000سے زیادہ دُکاندار اورتاجرہونگے متاثر

سری نگر//سوپورقصبہ میں لاگونئے ٹریفک روٹ پلان پر مقامی تاجربرادری نے اعتراض جتاتے ہوئے کہاکہ جس راستے کوگاڑیوںکی آمدورفت کیلئے بندکیاگیا،اُس پرکئی اہم بازارہیں ،اورسڑک بندرہنے سے کاروبار طبقے کوناقابل تلافی نقصان ہوگا۔جے کے این ایس کے مطابق ٹریڈرس فیڈریشن سوپور کے سابق صدر حاجی محمداشرف گنائی نے کہاکہ سوپور انتظامیہ کارویہ عوام مخالف اورتاجر برادری کے مفادات کے بالکل منافی ہے ۔انہوںنے ایک بیان میں کہاکہ سوپور قصبہ کیلئے جوٹریفک روٹ پلان لاگو کیاگیاہے ،اُس کے مطابق اب گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے شاہ درگاہ چوک سے اسٹیٹ بینک آف انڈیاتک کی سڑک بند کردی گئی ہے ۔جس وجہ سے مین بازار،چھوٹابازار،مین چوک اورشہیدمزار مارکیٹ میں واقع دکانداروں اورتاجروںکاکاروبار بری طرح سے متاثر ہوگااورساتھ ہی عام لوگوںکوبھی آواجاہی نیز اشیائے ضروریہ کی خریداری میں مشکلات کاسامنا کرناپڑے گا۔حاجی محمداشرف گنائی نے سوپور انتظامیہ کے اقدام کویکطرفہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ میونسپل کونسل کے منتخب ممبران ،صدر یاکسی بھی متعلقہ طبقے کواعتمادمیں نہیں لیاگیا،جوفیصلہ سازوں کی غلط روی کے مترادف فکروعمل ہے ۔انہوںنے کہاکہ بازاروں میں خریداروں سے ہی رونق ہوتی ہے اورخریداروں کی وجہ سے ہی تجارت پھلتی پھولتی ہے اورجب خریداروں کے راستے بندکئے جائیں توتاجروں کوکافی نقصان اُٹھاناپڑے گا،اوروہ عملاًہاتھ پرہاتھ دھرے بیٹھے رہیں گے ۔حاجی محمداشرف گنائی نے کہاکہ یکطرفہ روٹ پلان سے سوپورمیں2000سے زیادہ دُکانداروں اورتاجروں کی روزی روٹی خطرے میں پڑ جائیگی ۔انہوںنے اے ڈی سی سوپوراوردیگرحکام نے لاگو شدہ ٹریفک روٹ پلان پرنظرثانی کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ٹریفک نظام میں سدھار لانے کی آڑمیں سماج کے ایک بڑے اہم طبقے کومتاثر کرناسراسرناانصافی ہے ۔