جموں//چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے یوم جمہوریہ 2022ء کی تقریبات کے لئے کی جانے والی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں ڈائریکٹر جنرل پولیس ، صحت و طبی تعلیم محکمہ، داخلہ ، پی ڈبلیو ڈی ( آر اینڈ بی) ،جنرل ایڈمنسٹریشن ، امور نوجوان و کھیل کود ، جنگلات و ماحولیات ، دیہی ترقی ، جل شکتی کے اِنتظامی سیکرٹریز کے علاوہ جموں وکشمیر کے صوبائی کمشنران ، ایڈیشنل جنرل آف پولیس سمیت متعلقہ محکموںکے سربراہاں نے شرکت کی۔میٹنگ میں مقامات، حفاظتی اِنتظامات ، فوج ، سی آر پی ایف ، پولیس ، سکولی بچوں ، ثقافتی پروگرام ، نشستوں کے اِنتظامات ، ٹرانسپورٹ / پارکنگ کے اِنتظامات ، صفائی ، پینے کا پانی ، بجلی ، طبی اِمداداور ایمرجنسی سہولیات کے پریڈ اور بینڈ دستے کے بارے میں تفصیلی غور وخوض ہوا۔میٹنگ کو بتایاگیا کہ یوم جمہوریہ کی مرکزی تقریبات ایم اے سٹیڈیم جموں اور شیر کشمیرکرکٹ سٹیڈیم سری نگر میں منعقد کی جائیں گی۔مزید برآں 29؍ جنوری 2022ء کو بیٹنگ دی ریٹریٹ تقریب کا اِنعقاد کیا جائے گا۔چیف سیکرٹری نے متعلقہ اَفراد کو ہدایت دی کہ ٹرانسپورٹ ، پارکنگ ، بیٹھنے کی جگہ ، پینے کے پانی کی دستیابی ، بجلی کی بلا تعطل فراہمی ، صحت، فائر اینڈ ایمرجنسی سٹاف اور آلات کی تعیناتی ، ثقافتی پروگراموں اور اہم سرکاری عمارتوں کی چراغاں سمیت مختلف سہولیات کے اِنتظامات کو یقینی بنایا جائے ۔ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے شریک دستوں اور سامعین کے کووِڈ ایس او پیز اور سی اے بی کے مشاہدے کی اہمیت پر زور دیا۔متعلقہ محکموں کو ہدایت دی گئی کہ وہ اِجتماع میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کو یقینی بنائیں اور صرف 50 فیصد جگہوں پر بیٹھنے کی گنجائش رکھی جائے۔محکمہ صحت سے کہا گیا ہے کہ وہ تقریب میں شرکت سے قبل شرکأ کی جانچ کے لئے ایک طریقہ کار وضع کرے اور ساتھ ہی دونوں مقامات پر تقریب کے دِن سامعین کی تھرمل سکریننگ بھی کی جائے۔محکمہ داخلہ ، محکمہ سکولی تعلیم اور امور نوجوان و کھیل کود محکمہ سے کہا گیا ہے کہ وہ سی اے بی کا مشاہدہ کریں اور ریہر سل کے دوران پروٹوکول مقرر کریں۔ میٹنگ میںبتایا گیا کہ کووِڈ کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر صرف ویکسین شدہ اَفراد کی شرکت کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔ 15برس سے 17 برس تک کی عمر کے سکولی بچوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے جنہیں ترجیجی طور پر ویکسین دی جارہی ہے۔ چیف سیکرٹری نے محکمہ ثقافت پر زور دیا کہ وہ ’’آزادی کا امرت مہااُتسو ‘‘کے تحت 73 ویں یوم جمہوریہ کی مناسبت سے تقریبات کو منانے پر خصوصی زور دیں جو ملک بھر میں آزادی کے 75سال منانے کے لئے منایا جارہا ہے۔










