COVID-19

اسپتالوں میں مریضوں، تیماداروں کیلئے کووڈ 19ٹیسٹ لازمی

بغیر کورونا ٹیسٹ کے داخلے پر پابندی عائد:ناظم صحت کشمیر

سری نگر//کشمیر میں حکام نے جمعرات کو وادی میں مریضوں اور تیمارداروں کے اسپتالوں کے احاطے میں بغیر کورونا ٹیسٹ کے داخلے پر پابندی عائد کر دی۔حکام نے بتایاکہ یہ احتیاطی اقدام کوروناکے یومیہ کیسوں میں اضافے اور اومیکرون خطرے کے پیش نظراُٹھایاگیاہے۔خیال ر ہے وادی کشمیر میں منگل کو انتہائی متعدی اومیکرون کے پہلے کیس رپورٹ ہوئے جن میں شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے اْوڑی علاقے سے ایک حاملہ ماں بھی شامل ہے۔جے کے این ایس کے مطابق کوروناوائرس کے یومیہ مثبت معاملات میں اضافے اوراومیکرون کے بڑھتے خطرے کے پیش نظر، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر، ڈاکٹر مشتاق اے راتھر نے جمعرات کو جاری کردہ ایک سرکیولر میں وادی بھر کے تمام چیف میڈیکل آفیسروں، بلاک میڈیکل آفیسروںاور میڈیکل سپرانٹنڈنٹوں سے کہا کہ وہ تمام اسپتالوںمیں کورونا سے متعلق معیاری عملیاتی طریقہ کار یعنیSOPsکی عمل آوری وپاسداری کو یقینی بنائیں۔انہوںنے محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران سے کہاکہ اپنے اپنے متعلقہ دائرہ اختیار میں صحت کی سہولیات پر لاگو کیا جاتا ہے۔ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیرکے جاری کردہ سرکیولرمیں کہاگیاہے کہ تمام چیف میڈیکل آفیسر بلاک میڈیکل آفیسراور میڈیکل سپرانٹنڈنٹ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ اسپتالوں کے احاطے میں کسی بھی مریض اورتیماردار کوتب تک داخل ہونے اجازت نہیں دی جائے گی جب تک کہ اُس کیRAT ٹیسٹنگ نہیں کی جاتی اور دونوں مریضوں وتیمارداروں کے چہرے پر مناسب طریقے سے ماسک نہیں لگائے جاتے ہیں۔ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر، ڈاکٹر مشتاق اے راتھر نے اسبات پرزوردیاہے کہ سنگین ہنگامی صورتحال کی صورت میں، ضرورت پر مبنی پروٹوکول کی پیروی کی جانی چاہیے۔