سری نگر//ڈائریکٹر جنرل باغبانی کشمیر اعجاز احمد بٹ نے ضلع بارہمولہ کے اوڑی سب ڈویژن کادور ہ کیا تاکہ محکمہ کی طرف سے فروٹ پلانٹ نرسری سلام آباد ، اوڑی میں منعقد ہ بیداری کیمپ میںشرکت کریں۔یہ کیمپ قبائلی اور سرحدی علاقوں کے لوگوں تک پہنچنے کے لئے جموںوکشمیر یوٹی حکومت کے اِقدام کا ایک حصہ ہے۔ابتداً ، چیف ہارٹی کلچر آفیسر بارہمولہ نے سب ڈویژن اوڑی میں باغبانی کے موجودہ منظرنامے کے بارے میں شرکأ کو جانکاری دی اور محکمہ کی طرف سے پیش کی جانے والی مختلف مرکزی اور سرکاری معاونت والی سکیموں کے بارے میں تفصیل سے بتایا ۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر جنرل ( ڈی جی ) نے خطاب کرتے ہوئے کسانوں پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں ، محکمہ باغبانی کے ساتھ منسلک ہوں اور مختلف محکمانہ سکیموں کے فوائد حاصل کریں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ علاقے کے مخصوص پھلوں کے پودوں اور اقسام پر توجہ دی جائے گی کیوںکہ وادی کے باقی حصوں کے برعکس اوڑی سب ڈویژن میں معتدل اور ذیلی موسمی حالات ہیں۔اُنہوں نے نظر اَندازکئے گئے اور دُور درازعلاقوں کے بارے میں کہا کہ انہیں ان کا حصہ دیا جائے گااور ان کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے محکمہ کی طرف سے تکنیکی اور مالی مدد فراہم کی جائے گی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ محکمانہ سکیموں اور پروگراموں میں سرحدی علاقوں کے لوگوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کے لئے محکمہ کی جانب سے مناسب طریقۂ کار وضع کیا جائے گا۔اُنہوں نے فیلڈ اَفسران کو نچلی سطح پر ورکشاپوں اور بیداری کیمپوں کا اہتمام کرنے کی بھی ہدایت دی۔ بالخصوص کیڑے سے کھاد بنانے ، اخروٹ اور زیتون کے پودوں کی ان سیٹو گرافٹنگ وغیرہ پر توجہ مرکوزکریں۔مقامی لوگوں کی طرف سے ’’ اخروٹ سٹیم بورر‘‘ ’’ انار کی تتلی ‘‘ وغیرہ سے ہونے والے نقصان جیسے بہت سے مسائل گوش گزار کئے جس پر ڈی جی نے یقین دِلایا کہ آنے والے دِنوں میں محکمہ کی طرف سے ضروری ایڈوائزری جاری کی جائے گی۔آخیر میں ڈائریکٹر جنرل نے لیموں ، انار ، نارنجی ، اخروٹ وغیرہ کے تقریباً12,000 پھلوں کے پودے کسانوں میں تقسیم کئے اور چیف ہارٹی کلچر آفیسر کو راجستھان سے زیتون کے پودے درآمد کرنے اور علاقے میں نئی اَقسام متعارف کرنے کی ہدایت دی۔کیمپ میں دیگر لوگوں کے علاوہ بلاک ڈیولپمنٹ چیئرپرسن اوڑی رفیق احمد بلوٹ ، بی ڈی سی چیئرپرسن پیرن پیلان آصفہ تبسم ، چیف ہارٹی کلچر آفیسر ہارہمولہ ظہور احمد بٹ ،ایس ڈی پی او اوڑی جنید ولی اور محکمہ کے دیگر اَفسران نے شرکت کی۔بعد میں ڈی جی نے سلام آباد میں زیتون کے باغات اور زیتون کے تیل کی نکالنے والی مِل کا معائینہ کیا اورڈی جی کو جانکاری دی گئی کہ اِس برس تقریباً 15 کوئنٹل زیتون کی کاشت کی گئی ہے ۔ اُنہوں نے زیتون کے پورے باغکی اَسر نو تشکیل کے لئے موقعہ پر ہی ہدایات دیں۔










