سرینگر / /ضلع کپوارہ کے متعدد دیہات و قصبہ جات میں بجلی کٹوتی جاری ہے جس سے مقامی صارفین کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہا ہے ۔اس سلسلے میں مقامی لوگوں نےبتایا کہ علاقہ کے متعدد قصبہ جات اور دیہات بشمول علاقہ رامحال کے للم ،پنزگام ،ویلگام ،ککروسہ ،پہل دجی ، علاقہ راجوارکے زچلڈارہ ،سلطان پورہ، ،علاقہ لولاب کے لعل پورہ ، دیور،دردپورہ ،سوگام ،حیات پورہ ،رد ناگ ،ٹھنڈوسہ ،مقام ،علاقہ قاضی آباد کے کھی پورہ ،کرالہ گنڈ ،سپر ناگہامہ ،کھی پورہ ،سہی پورہ ،لنگیٹ ،ماور ،کچھلو ،عشہ پورہ اور قصبہ ترہگام اور ہائی ہامہ میں بجلی کی آنکھ مچولی رہتی ہے جس سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شیڈول کے مطابق ان کو بجلی فراہم نہیں کی جارہی ہے بلکہ دن رات کے دوران بجلی کٹوتی کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان قصبہ جات ودیہات کے صارفین بجلی فیس کی ادائیگی میں کوئی لاپرواہی نہیں برت رہے ہیں بلکہ اولین ترجیح پر فیس ادا کررہے ہیں ۔لیکن اس کے باجود بھی ان کو نظر انداز کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس معاملہ کو لیکر لوگوں نے محکمہ پی ڈی ڈی کے متعلقہ افسران کولوگوں نے آگاہ کیا لیکن انہوں نے توجہ دینے کی زحمت گوارا نہیں کی ۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ گذشتہ دنوں معطل ہوئی بجلی بحال کی گئی لیکن مرتب شدہ شیڈول کی پاسداری نہیں کی جارہی ہے ۔اس سلسلے میں انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ علاقہ کے ان دیہات اور قصبہ میں شیڈول کے مطابق بجلی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے لائحہ عمل ترتیب دیا جائے تاکہ ان کے مشکلات کازالہ ہوسکے ۔










