سرینگر کی پریس کالونی میںمطالبات کو لے کر زور دار احتجاج درج کیا
سرینگر//جموں وکشمیر گجر بکروال یوتھ ویلفیئر کانفرنس نے ہفتے کے روز یہاں پریس کالونی میں اپنے مطالبات کو لے کر احتجاج درج کیا۔احتجاج میں شامل لوگوں نے بتایا ایک سازش کے تحت یہاں کے لوگوں کو تقسیم کیا جا رہا ہے ۔ اس موقع پر چودھری مصطفیٰ راہی نامی ایک احتجاجی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے الزام لگایا کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو تقسیم کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا: ’آج یہاں ہمارے احتجاج درج کرنے کا مقصد یہ ہے کہ کچھ دنوں سے افواہیں چل رہی ہیں کہ شیڈول ٹرائب کے دس فیصد کوٹے میں ان لوگوں کو بھی لایا جا رہا ہے جو اس زمرے میں نہیں آتے ہیں‘۔ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کو اس زمرے میں لایا جا رہا ہے وہ دوسرے زمروں میں آکر فائدہ اٹھا رہے ہیں۔موصوف احتجاجی نے کہا کہ گجر بکروال طبقے کے لوگوں کے پاس آج بھی مکان نہیں ہیں جس کی وجہ سے وہ خیموں میں زندگی کے ایام کاٹ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے حقوق کے ساتھ چھیڑ خانی ہے جس کو برادشت نہیں کیا جائے گا۔مسٹر راہی نے کہا کہ ہم سے ٹکرانے سے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں جس کی سرکار خود ذمہ دار ہوگی۔ایک او ر احتجاجی نے کہا کہ جن لوگوں کو ہمارے زمرے میں لایا جا رہا ہے ان کو دوسری رعایات دی جائیں ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اس زمرے میں قریب بیس لاکھ لوگ آ رہے ہیں۔










