کٹھوعہ/ /پرنسپل سیکرٹری پشو و بھیڑ پالن نوین کمار چودھری نے آر پی چیک پوسٹ لکھن پور میں’’ پشو دَھن ویاپر میلہ‘‘ کا اِفتتاح کیا۔اِس موقعہ پر سیکرٹری اِمداد باہمی محکمہ یشامدگل مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے موجود تھیں۔نوین کمار چودھری نے لکھن پور میں ہرماہ’’ پشو دَھن ویاپر میلہ‘‘ کے اِنعقاد کو تاریخی فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ قدم جموںوکشمیر کو دودھ کی پیداوار میں خود کفیل بننے کے ہدف کو حاصل کرنے میں بڑی مدد کرے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ محکمانہ سکیموں میں نرمی کے بعد ڈیری شعبہ میں بتدریج تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے کیوں کہ گذشتہ دو برسوں میں زائد اَز 10ہزار نئے ڈیری یونٹ کھولے گئے ہیں ۔اُنہوں نے کہا کہ ڈیری سیکٹر میں محکمہ کی طر ف سے کی جانے والی کوششوں کے اَب نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ لکھن پورہ میں’’ پشو دَھن ویاپر میلہ‘‘ جموںوکشمیر میں مویشیوں کی بہترین نسل فراہم کرنے اور ان کسانوں کے وقت اور پیسے کی بچت کے لئے ایک باقاعدہ ماہانہ معاملہ ہوگا جنہیں معیاری مویشی حاصل کرنے کے لئے دوسری ریاستوں میں جانا پڑتا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اِس کا مقصد کسانوں کو نئی راہیں فراہم کرنا ہے تاکہ کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے کا مقصد حاصل کیا جاسکے۔نوین کمار چودھری نے کہا کہ زراعت ، باغبانی ، بھیڑ ، پولٹری اور متعلقہ شعبوں کے تحت تمام بڑی سکیموں مین 50فیسد سے زیادہ سبسڈی دی جارہی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ گذشتہ برس سبسڈی کے لئے10 کروڑ روپے مختص کئے گئے تھے اور اِس برس 70 کروڑ روپے مزید کسانوں کو کور کرنے کی خاطر مختص کئے گئے ہیں۔سیکرٹری امداد باہمی محکمہ یشامدگل نے اَپنے خطاب میں کہا کہ کوآپریٹیو دیہی اقتصادیات میں قابل قدر تبدیلی لانے میں اہم کردار اَدا کرسکتا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ حالیہ دِنوں میں کئی دودھ کوآپریٹیو اِندراج کئے گئے ہیں ۔اُنہوں نے کسانوں سے اپیل کی کہ وہ زراعت ، ڈیری اور دیگر شعبوں میں کوآپریٹیو سوسائٹیوں کو رجسٹر کریں ۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر کٹھوعہ راہل یادو نے اَپنے خیالات کا بھی اِظہار کیا۔میلے میں پنجاب ، ہریانہ سے گائے ، بھینس کی مختلف نسلیں، جموں وکشمیر کے مختلف اَضلاع کے بریڈرزاور متعدد کسان بھی موجود تھے ۔اِس کے علاوہ میلے میںپشو و بھیڑ پالن کے سٹال، کوآپریٹیو کے آلات کشاورزی اور پرائیویٹ پلیئرس کی اَدویات سٹال بھی لگائے گئے تھے۔اِس موقعہ پر پرنسپل سیکرٹری نے اِنٹگریٹیڈ ڈیری ڈیولپمنٹ سکیم کے تحت کسانوں کو 41,25,000 روپے بطور سکیم سبسڈی چیک دیا ۔اِس موقعہ پر ڈی ڈی سی وائس چیئرمین رگھو نندن سنگھ، ڈائریکٹر اینمل ہسبنڈری ڈائیفوڈی ساگر دتاترے ، ڈائریکٹر شیپ ہسبنڈری کرشن لال شرما، صدر لکھن پور ایم سی رویندر شرما اور بی ڈی سی چیئرپرسن مہان پور راج سنگھ بھی موجود تھے۔










