10سے زیادہ رہائشی مکانات مکمل طورپرزمین بوس
بانڈی پورہ//شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع میں کنٹرول لائن کے قریب تلیل کے دُور افتادہ پہاڑی علاقے میں منگل اوربدھ کی درمیانی رات آگ کی ایک ہولناک واردات میں کم از کم 10 رہائشی مکانات جل کر خاکستر ہو گئے۔ایس ڈی ایم گریز، مدثر احمد نے آگ میں کم از کم 10 مکانات کے نقصان کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آگ ایل او سی سے متصل کلشے گاؤں کے تیتری کلشے محلہ میں لگی۔جے کے این ایس کے مطابق منگل اوربدھ کی درمیانی رات پہلی آگ رات کے اڑھائی بجے غلام نبی لون ولد غفور لون کے گھر سے لگی جوفوج کے ساتھ بطور پورٹر کا کام کرتا ہے۔ قریبی آرمی پوسٹ نے گاؤں میں آگ دیکھی اور پوسٹ سے فوری ردعمل کی ٹیم آگ بجھانے کا سامان لے کر فوری طور پر گاؤں والوں کی مدد کے لئے گاؤں پہنچی اور لوگوںکو ان کے گھروں سے باہر نکالا ،اورپھرفوجی جوانوںنے فائرسروسزاہلکاروں اوردوسرے لوگوںکے اشتراک سے آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے کی کوشش کی۔فوج کے ترجمان نے مزید کہا کہ صورتحال کا پہلا جواب دینے والی ٹیم نقصانات کو کم سے کم کرنے اور آگ پر قابو پانے میں کامیاب رہی جب تک کہ فائر ڈپارٹمنٹ تقریباً صبح ساڑھے4بجے تک گاؤں میں نہیں پہن سکا،تاہم انہوں نے کہا کہ فوج اور فائر ڈیپارٹمنٹ کی مشترکہ ٹیم نے جلد ہی آگ کو مکمل طور پر بجھا دیا اور کئی قیمتی جانیں بچانے میں کامیاب ہو گئے۔فوج کے ترجمان کے مطابق آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ہے ۔فوج کے ترجمان نے بتایا کہ10سے زیادہ مکانات آگ کی لپیٹ میں آ گئے اور بالآخر زمین بوس ہو گئے۔ فوج کے مطابق، فوجیوں نے پورے گاؤں کیلئے ناشتہ فراہم کیا اور گاؤں والوں کو ان کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے خیمے، سونے کے تھیلے اور کھانے کا سامان فراہم کر رہے ہیں۔فوج کے ترجمان نے مزید بتایاکہ گاؤں والوں اور سول انتظامیہ نے اس تباہ کن صورتحال پر قابو پانے کے لئے فوج کی طرف سے کئے گئے فعال اور تیز اقدامات کے لئے شکریہ ادا کیا ہے۔ادھرایس ڈی ایم گریز، مدثر احمد نے آگ میں کم از کم 10 مکانات کے نقصان کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آگ ایل او سی سے متصل کلشے گاؤں کے تیتری کلشے محلہ میں لگی۔انہوںنے کہاکہ متاثرین کومددفراہم کی جارہی ہے۔










