سرینگر//ہمدانیہ کالونی بمنہ میں گندے پانی کی نکاسی کیلئے بنائی گئیں ڈرینوں کو جوڑنے کیلئے مرکزی ڈرین تعمیر نہ کرنے سے ہزاروں نفوس پر مشتمل آبادی شدید مشکلات کا سامنا کررہی ہے۔ ہمدانیہ کالونی بمنہ کے لوگوں کاکہناہے کہ علاقہ میں گندے پانی کی نکاسی کیلئے انہوںنے 5برس قبل سرینگر میونسپل کارپوریشن کی نوٹس میں معاملے کو لایا۔ مقامی آبادی کاکہناہے کہ برسوں تک عوامی وفود نے سرینگر میونسپل کارپوریشن کے چکر کاٹے اور بڑی جدوجہد کے بعد 2017-18میں ہمدانیہ کالونی کیلئے 28کروڑ روپے کی لاگت سے ڈرین تعمیر کرنے کو منظوری مل گئی۔ مقامی لوگوں کاکہنا ہے کہ ہمدانیہ کالونی کیلئے Phase1کے تحت ڈرین کی تعمیر کا کام شروع کرنا تھا لیکن مذکورہ کالونی کو نظرانداز کرکے Phase 2کے تحت گاری پورہ سے خمینی چوک تک کام شروع کیا گیا جو ابھی بھی جاری ہے۔ کارڈینیشن کمیٹی بمنہ کے صدر محمد یاسین شاہ نے کے این ایس کو بتایا کہ ڈرینوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے سڑک کے دونوں طرف ہمدانیہ کالونی میں قریب ڈیڑھ لاکھ آبادی رہائش پذیر ہے ، جو انتہائی مشکلات کے بھنور میں ہیں۔ یاسین شاہ نے کہاکہ خاص کر موسم سرما میں بارشوں اور برفباری کے بعد گھروں سے باہر نکلنا محال ہوجاتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہمدانیہ کالونی کے 1سے12سیکٹر ، 3A, 4A ، گردوارہ لین، حمزہ کالونی ، بنڈ لینA میں لنک ڈرین نہ ہونے سے مقامی شہریوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔ یاسین شاہ نے کہاکہ ہمدانیہ کالونی کیلئے 2017-18میں لنک ڈرین اور مین ڈرین تعمیر کرنے کو منظوری مل گئی جس پر مقامی آبادی خوشی سے پھولے نہیں سمارہے تھے لیکن علاقہ کو نظرانداز کیاگیا اورابھی تک ڈرینوں کی تعمیر شروع نہیں کی گئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ بارشوں اور برفباری میں صورتحال بد سے بدترین بن جاتی ہے اور پانی مکانوں کے صحنوں میں داخل ہوجاتا ہے اور جن مکانوں کا Plinthزیادہ اونچا نہیں ، گندہ پانی ان مکانوں کے کمروںمیں بھی جمع ہوجاتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ڈرین کی تعمیر کو منظوری ملنے کے باوجود تعمیراتی کام شروع نہ کرنے کے معاملہ کو لیکر وہ وفد کے ہمراہ SMCدفتر گئے اور انہیں یقین دہانی دی گئی کہ بہت جلد کام شروع کی جائے گا لیکن تا ایں دم 5ماہ گزرنے کے بعد بھی یہ یقین دہانیاں کاغذی گھوڑے ہی ثابت ہوئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہمدانیہ کالونی کی وسیع آبادی دوہری مشکلات کا سامنا کررہی ہے ایک تو سڑکوں کی خستہ حالی اور دوسراڈرینوں کی عدم دستیابی۔ انہوںنے کہاکہ وہ آر اینڈ بی محکمہ کے پاس گئے اور انہیں خستہ حال سڑکوں پر میگڈم بچھانے کی مانگ کی جس پر متعلقہ محکمہ نے کہاکہ جب تک نہ ڈرینوںکی تعمیر نہیں ہوگی، میگڈم نہیں بچھایاجائے گا۔ انہوںنے کہاکہ ہمدانیہ کالونی میں17لین ایسی ہیں جہاں ڈرین تعمیر ابھی نہیں ہوئی البتہ لنک ڈرین صرف سیکٹرDسے مٹھائی بنڈ تک 2سے 4لین مکمل ہوئی ہیں۔ مقامی آبادی نے لیفٹننٹ گورنر انتظامیہ اور ایس ایم سی سے مطالبہ کیا ہے کہ عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے علاقہ میں لنک اور مین ڈرین کی تعمیر ترجیحی بنیادوں پر شروع کی جائے تاکہ عوام راحت کی سانس لے سکے۔










