dooda_road accident28 october 2021

ٹھاٹھری سے ڈوڈہ جا رہی مسافروں سے بھری منی بس حادثہ کی شکار

11افراد لقمہ اجل،15زخمی،7بذریعہ چاپر جی ایم سی جموںنازک حالت میں پہنچائے گئے

سرینگر//خطہ چناب کے بٹوٹ ڈودہ میں سڑک کے ایک بھیانک حادثہ میں منی بس سڑک سے لڑک کرگہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوا ر11افرادلقمہ اجل بن گئے جبکہ 15دیگرزخمی ہوئے۔اس دوران شدید طور زخمی افراد کو ہلی کپٹر کے ذریعے جی ایم سی جموں روانہ کیا گیا ہے جبکہ بیشتر زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ اس دوران وزیر اعظم نریندر مودی ،وزیر داخلہ امیت شاہ اور جموںوکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے حادثہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مارے گئے افرادکے لواحقین کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔جبکہ مہلوکین اور زخمیوں کے حق میں ایکسگریشیا ریلیف دینے کا اعلان کیا ہے۔ کشمیر نیوز سروس کے مطابق جمعرات کی صبح9;45منٹ پر خطہ چناب کے ٹھاٹھری سے ڈوڈہ جارہی ایک منی بس زیر نمبرJK17.4021کشتواڑ شاہراہ پر بٹوٹ کے مقام پر پہنچ گئی توسوئی گاوری کے مقام پرپر ڈرائیور گاڑی پر قابو کھوبیٹھا جس کے نتیجہ میں گاڑی سینکڑوں فٹ گہری کھائی میں دریائے چناب کے کنارے پر جاگری۔ اس حادثے میں ابتدائی طور 26افراد شدید زخمی ہوئے جن میں قریب8افراد ابتدائی طورزخموں کی تاب نہ لا کردم توڑ بیٹھے ہیں۔ایس ایس پی ڈوڈہ عبد القیوم نے کشمیر نیوز سروس کو بتایاکہ ھادثے کا وجہ تیز رفتاری بتایا جارہا ہے انہوں نے بتایاحادثہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ، پولیس ، فوج ، ایس ڈی آر ایف اور رضاکار جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو نزدیکی جی ایم سی ڈوڈہ منتقل کیاجہاں بعد میں اور تین افراد زندگی کی زند ہار گئے ہیں اس دوران اس حادثے میں شام تک11افراد جاں بحق جبکہ15دیگر زخمی ہوئے ہیں جن میں 7کو بذریعہ ہیلی کپٹر جی ایم سی جموں پہنچایا گیا ہے ۔نمائندے سید خالد حاشمی نے سرکاری ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کچھ زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ جی ایم سی ڈوڈہ کے میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ڈاکٹر یْدویر سنگھ کاکہنا ہے کہ حادثہ میں ڈرائیور سمیت 11افراد لقمہ اجل بن گئے۔ انہوںنے کہاکہ حادثہ میں زخمی ہونے والے باقی افراد کا ہسپتال میں علاج و معالجہ چل رہا ہے۔ حادثہ میں مہلوکین کی شناخت 60سالہ غلام حسین شاہ ولد محمد مقبول شاہ ، اس کا بیٹا 30سالہ شبیر احمد ساکنہ بھرکوٹ محلہ ، 19سالہ رہتک شرماولد لیکھ راج ساکنہ جھیٹلی، 23سالہ جمال الدین ولد لال دین ساکنہ بکھانہ محلہ ، 65سالہ محمد لطیف ولد محمد رمضان ساکنہ بہورہ بھدرواہ، 55سالہ اناری دیوی زوجہ سوامی راج ساکنہ سیسل بھارشالہ ، 65سالہ بہادر سنگھ ولد ہری سنگھ ساکنہ شردانی بیلہ، 22سالہ سنتوش کمار ولد سومناتھ ،24سالہ راجیش کمار ولد بھودی سنگھ ساکنہ پرنوٹ محلہ سومناتھ کے بطور ہوئی ہے جبکہ 2مرنے والوں کی شناخت نہیں ہوسکی۔ زخمی ہونے والے 15افراد میں سے7کو ہیلی کاپٹر کے ذریعہ جموں منتقل کیاگیاہے جن میں 27سالہ رمیش کمار، 24سالہ مونیکا دیوی، 22سالہ سنتوشی دیوی، 25سالہ بابر، 32سالہ پرویز احمد اور22سالہ پونم دیوی شامل ہیں۔ حادثہ میں دیگر زخمیوں میں 18سالہ سنجے کمار، 45سالہ نوین اختر، 21سالہ روہت شرما، 17سالہ نیتو دیوی، 22سالہ وکرم سنگھ ،22سالہ اشوک شرما، 22سالہ سنتوش کمار،21سالہ عارف حسین اور 45سالہ سیویتا دیوی شامل ہیں۔ اس دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے بٹوٹ ڈودہ میں پیش آئے دلدوز سڑک حادثہ میں جانی نقصان کے اتلاف پر سخت رنج و غم کااظہار کیا ہے۔ انہوںنے ٹویٹ کرتے ہوئے کہاکہ ‘وزیر اعظم قومی امدادی فنڈ’ میں سے فی کس مہلوکین کے لواحقین کو 2لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو 50ہزا ر روپے فراہم کئے جائیگے انہوں نے اس حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لوحقین کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکہجتی کا اظہار کیا۔ادھر وزیر داخلہ امیت شاہ نے بھی اس حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکیں کے ورثاء کے ساتھ تعزیت کااظہار کیا ہے انہوں نے اس حوالے سے منوج سنہا نے جانکاری حاصل کی ہے ۔ جموں و کشمیر کے ایل جی منوج سنہا نے حادثہ میں قیمتی جانوں کے زیاں پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی۔ انہوںنے کہاکہ حادثہ میں زخمی ہونے والوں کے علاج و معالجہ کو یقینی بنایا جائے گا۔ منوج سنہا نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہاکہ ”میں حالات پر نظر رکھ رہا ہوں اور لواحقین کو تمام تر مدد فراہم کی جائے گی”۔ انہوںنے کہاکہ مرنے والوں کے ورثاء کو ایل جی فنڈ سے2لاکھ جبکہ روڑ وکٹم فنڈ سے 1لاکھ روپے دیئے جائینگے۔خیال رہے خطہ چناب میں گزشتہ کئی سال کے دوران متعددخوفناک سڑک حادثات میں سینکڑوں افراد اپنی جانیں کھو بیٹھے ہیں ۔اس دوران سابق سرکاروں سے اس حوالے سے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جن کے رپورٹ پر کسی ایک حکومت نے کوئی کارروائی نہیں کی ہے جس کی وجہ سے یہاں ہر سال سینکڑوں کی تعداد میں لوگ اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں ۔