گرم ملبوسات،کانگڑیوں اوربجلی پرچلنے والے گرمی دینے والے آلات کااستعمال شروع

گرم ملبوسات،کانگڑیوں اوربجلی پرچلنے والے گرمی دینے والے آلات کااستعمال شروع

سری نگر//پورے کشمیرمیںدن اوررات کے وقت چلنے والی سردہوائوں سے بچنے کیلئے لوگوںنے گرم ملبوسات زیب تن کرنے کی شروعات کرتے ہوئے رات کے وقت زیادہ بستر لینابھی شروع کردیاہے ۔دیہی علاقوںمیں کانگڑیوں کااستعمال شروع ہوگیاہے جبکہ قصبوںاورشہر سری نگرمیںبجلی پرچلنے والے روم ہیٹر اوربلوئورچالوہوگئے ہیں۔اُدھر محکمہ موسمیات نے 2نومبرتک موسمی عمومی طورپرخشک رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہاہے کہ اسکے بعدموسم پھرکروٹ بدل سکتاہے۔ حکام نے بتایا کہ کچھ حصوں میں رات بھر کی تازہ ہلکی بارش کے ساتھ، وادی کشمیر کے مشہور سیاحتی مقامات پہلگام اور گلمرگ میں منگل اوربدھ کی درمیانی رات درجہ حرارت صفر سے نیچے درج کیاگیا۔محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے اطلاع دی ہے کہ سری نگر میں منگل اوربدھ کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت 4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔مذکورہ عہدیدار نے بتایا کہ گرما ئی دارالحکومت سری نگرمیں منگل کی رات ہلکی بارش بھی ہوئی ۔انہوںنے بتایا کہ کشمیر کے گیٹ وے کہلانے والے قصبہ قاضی گنڈ میں منگل اوربدھ کی درمیانی رات کے کم سے کم 6.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے عہدیدار نے کہا کہ جنوبی کشمیر کے مشہور سیاحتی وتفریحی مقام پہلگام میں منگل اوربدھ کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔عہدیدار نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے علاقہ کوکرناگ میںمنگل اوربدھ کی درمیانی رات کم از کم درجہ حرارت 2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جوسوموار اورمنگل کی درمیانی رات4.4 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔ محکمہ موسمیات کے عہدیدار نے بتایا کہ کل رات 1.4 ملی میٹر بارش ہوئی۔انہوںنے مزید بتایا کہ شمالی کشمیر کے کپواڑہ قصبے میں منگل اوربدھ کی درمیانی رات کم سے کم 2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،جوسوموار اورمنگل کی درمیانی رات2.8 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔محکمہ موسمیات کے عہدیدار نے بتایا کہ شمالی کشمیر میں واقع دنیا کے مشہور اسکیئنگ مقام وسیاحتی مقام گلمرگ میں منگل اوربدھ کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی1.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات کے منفی 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ رات بھر میں 0.4 ملی میٹر بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات کے عہدیدارنے بتایاکہ کچھ میدانی اور بالائی علاقوں میں حالیہ ریکارڈ بارش اور برفباری کے بعد درجہ حرارت کافی گر گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر ڈویڑن میں 2نومبر تک بنیادی طور پر خشک موسم کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات نے ساتھ ہی کہاہے کہ اسکے بعدموسم پھرکروٹ بدل سکتاہے۔