اسکیم کے تحت فنڈس واگذارہوتے ہی تنخواہیں فراہم کی جائیں گی /پرنسپل ڈاکٹر ربانی
سرینگر / /شیر کشمیر میڈیکل انسٹی چیوٹ بمنہ میں نیشنل رورل ہیلتھ مشن اسکیم کے تحت کا م کرنے والے نرسنگ اسٹاف کی تنخواہیں کئی مہینوں سے واگذار نہیں کی جارہی ہیں ۔اس ضمن میں کشمیر پریس سروس کے ساتھ بات کرتے ہوئے جے وی سی میں این آر ایچ ایم کے تحت کام کرنے والے نرسنگ عملہ بتایاکہ ان کی تنخواہیں واگذار نہیں کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کووڈ کے دوران جان جوکھم میں ڈال کر فرض شناسی کے ساتھ کام انجام دیالیکن اس میں حسب وعدہ مراعات بھی فراہم نہیں کئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ ان کی آمدنی یہی واحد ذریعہ ہے لیکن اسپتال انتظامیہ عدم توجہی کا مظاہرہ کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب انتظامیہ کے سامنے اس مسئلے کو رکھا گیا تو وہاں منتظمین نے یہ کہہ کر ان کو مایوس کردیا کہ ان پاس فنڈس موجود نہیں ہیں ۔انہوں نے سرکار سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے رکی پڑی تنخواہیں اور دیگر مراعات (insentives)واگذار کی جائیں تاکہ ان کے مشکلات کا ازالہ ہوسکے ۔اس ضمن میں کے پی ایس کے نیوز ڈیسک سے سکمزبمنہ سرینگر (جے وی سی )کے پرنسپل ڈاکٹر ربانی کے ساتھ بات کی تو موصوف نے خندہ پیشانی سے جواب دیتے ہوئے اعتراف کیا کہ این آر ایچ ایم کے تحت کام کرنے والے عملہ کی تنخواہیں رکی پڑی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس زمرے میں آنے والے ملازمین کے تنخواہوں کی واگذاری اس وقت تک ان کے حد اختیار میں نہیں ہے جب تک نہ اس اسکیم تحت ان کو فنڈس واگذار ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ وہ اس حوالے سے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اسپتال انتظامیہ نے سرکار کو اس معاملے کے حوالے سے آگاہ کیا اور سرکار بھی اسکیم کے تحت فنڈس واگذار کرنے کے حوالے سے سنجیدگی کا مظاہرہ کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے گذشتہ روز بھی سرکار نے متعلقین کی میٹنگ طلب کی اور امید ہے کہ اس اسکیم کے تحت کام کرنے والے ملازمین کی تنخواہ یقینی طور کم سے کم وقت میں واگذار ہونگی ۔انہوں نے یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ان کی تنخواہیں اور دیگر مراعات سرکار کے ذمہ ہے اور وہ ضائع ہونے والے نہیں ہیں بلکہ ان کو کسی بھی صورت فراہم کئے جائیں گے اور کہا کہ گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔










