اننت ناگ//مرکزی حکومت کے عوامی رَسائی پروگرام کے طور پر مرکزی وزیر مملکت جہاز رانی ، بندر گاہیں اور آبی گزر گاہیں شانتو ٹھاکر پہلگام کے 2روزہ دورے پر پہنچے ۔مرکزی وزیر مملکت نے مختلف لائن محکموں کے سٹالوں کا معائینہ کیا اور انہیں متعلقہ محکموں کی طرف سے چلائی جانے والی فلاحی سکیموں کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔اُنہوںنے صنعتوں ، صحت و طبی تعلیم ، آر ڈی ڈی / این آر ایل ایم ، زراعت ، دستکاری ، ہینڈلوم ، پشو پالن ، بھیڑ پالن ، ماہی پالن شعبوں کے سٹالوں کا معائینہ کیا ۔ مرکزی وزیر مملکت موصوف نے مختلف فلاحی سکیموں کے مستحقین سے بات چیت کی اور سکیموں کی عمل آوری کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے ایس بی ایم مستحقین میں چیک، انٹگریٹیڈ ڈیری ڈیولپمنٹ سکیم کے تحت دودھ وین سبسڈی پر، جسمانی طور مخصوص اَفراد میں وہیل چیئرس اور ہیئرنگ ایڈس ، صحت سکیم کے مستفید ین میں گولڈ ن کارڈ وغیرہ تقسیم کئے ۔ اِس موقعہ پر ڈی ڈی سی چیئرمین ایم وائی گورسی ، ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ پیوش گوئیل ، آر ٹی او کشمیر ، اے ڈی سی اننت ناگ ، بی ڈی سی اور ضلعی اِنتظامیہ کے دیگر اَفسران موجود تھے۔مرکزی وزیر مملکت شانتو ٹھاکر نے ہینڈ کرافٹس اور ہینڈ لوم کے سٹالوں کا بھی معائینہ کیا او رمقامی کاریگروں سے اِستفسار کیا ۔ وزیر کو جانکاری دی گئی کہ ضلع میں 28 ہینڈی کرافٹس اور 6ہینڈ لوم ٹریننگ سینٹر کام کر رہے ہیں تاکہ کاریگروں کی صلاحیت میں اِضافہ اور ہنر میں اِضافہ کیا جاسکے اور مقامی اِنتظامیہ کاریگروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ اَپنی مصنوعات کی اعلیٰ قیمت حاصل کرسکیں۔وزیر مملکت نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ حکومت کی طرف سے چلائی جانے والی مختلف فلاحی سکیموں کے مؤثر عمل آوری سے خوش ہیں ۔ اُنہوں نے عوام تک فوائد پہنچانے میں فرنٹ لائن ورکروں کی کوششوں کو سراہا۔اُنہوں نے مرکزی حکومت یوٹی کی ترقی او رخوشحالی کی طرف حکومت کے عزم کو اُجاگر کیا ۔ اُنہوں نے مقامی اِنتظامیہ کو عام لوگوں تک خدمات کی فوری فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی اور فلاحی سکیموںکو عملا نے میں ان کے عزم اور لگن کو سراہا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ نے مرکزی وزیر مملکت کو جانکاری دی کہ پی ایم صحت سکیم کے تحت صحت سہولیات جموں وکشمیر یوٹی کی پوری آبادی تک پہنچائی جارہی ہیں۔ اُنہوں نے وزیر مملکت کو مزیدآگاہ کیا کہ آیوش خدمات حاصل کرنے میں تیزی آئی ہے او رآیوش ڈسپنسریوں کی آمد گزشتہ برس میں تین گنا بڑھ گئی ہے اور ضلعی اِنتظامیہ ضلع بھر میں امیونو بوسٹنگ ادویات کی تقسیم کے کیمپوں کا اِنعقاد کر رہی ہے ۔پنچایتی راج اِداروں کے ایک وفد نے مرکزی وزیر مملکت سے ملاقات کی ۔ وفد نے وزیر مملکت موصوف کو پہلگام کے پہلے دورے پر مبارک باد دی۔اُنہوں نے مرکزی حکومت کے عوامی رَسائی پروگرام کو سراہا جس کی وجہ سے وہ حکومت کے اعلیٰ اَفسرا ن کے ساتھ کاموںکی عمل آوری کے بارے میں تبادلہ خیال کرسکے۔پی آر آئی وفد نے وزیر موصوف کو کئی مطالبات گوش گزار کئے۔شانتو ٹھاکر نے پی آر آئیز کی طرف سے اُٹھائے گئے مسائل کو بغور سنا ۔ اُنہوں نے کہا کہ پی آر آئیز کو یقین دِلایا کہ وزیر اعظم کا جموںوکشمیر میں ترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو رہا ہے ۔ اُنہوں نے مقامی معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے سیاحتی سرگرمیوں کے احیاء اور فروغ پر زور دیا ۔مرکزی وزیر مملکت نے وفد کو بتایا کہ عوامی رَسائی پروگرام کا مقصد پی آر آئی اور مقامی دوروں کے ذریعے عام عوام کی بات سننا ہے ۔ یہ بات چیت جموںوکشمیر یوٹی کے لئے پالیسیوں او رترقیاتی پروگراموں کو تشکیل دے گی۔اُنہوں نے پہلگام میں زیر تعمیر 50بستروں والا سب ڈسٹرکٹ ہسپتال کا دورہ کیا ۔وزیر مملکت کو جانکاری دی گئی کہ مذکورہ سہولیت کے لئے عملے کی تشکیل پہلے ہی ہوچکی ہے اور ایس ڈی ایچ دُور دراز علاقوں کے لئے طبی خدمات کو بڑھادے گا۔ اُنہوں نے عمل آوری ایجنسی کو تعمیراتی کام میں سرعت لانے کی ہدایات جاری کیں۔بعد میں مرکزی وزیر مملکت نے زیر تعمیر این ٹی پی ایچ سی ارو کا بھی دورہ کیا اور یہ 1.8 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جارہا ہے ۔ اس سے 400 نفوس کو فائدہ پہنچے گا۔ سرمائی موسم میں ارو باقی علاقوں سے منقطع رہتا ہے لہٰذا یہ سہولیت مقامی آبادی کو طبی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔ضلعی اِنتظامیہ نے وزیر موصوف کو یقین دِلایا کہ این ٹی پی ایچ سی کو موسم سرما سے پہلے آپریشنل کیا جائے گا۔آرو کے مقامی لوگوں نے مرکزی وزیر کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے سیاحت کو بڑھاوا دینے کے لئے علاقے میں گنڈولہ کا مطالبہ پیش کیا۔انہیں جانکاری دی گئی کہ گنڈولہ کی تجویز پر بی او ٹی کی بنیاد پر کام کیا جارہا ہے۔وزیر مملکت نے لوگوں کو یقین دِلایا کہ علاقے سے متعلق مسائل کو اعلیٰ حکام کے ساتھ اُٹھائے جائیں گے۔










