Milad u nabi SAW

وادی کشمیر میں میلاد النبیﷺ عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا

سری نگر//پورے عالم اسلام کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر میں بھی عید میلاد النبی ﷺ کی تقریب سعید انتہائی تزک واحتشام اور مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منائی گیاہے۔اس سلسلے میں زیارت گاہوں،خانقاہوں اور مساجد کا خاص اہتمام کے ساتھ چراغاں کیا گیا ہے جبکہ اکثر زیارتگاہوں اور خانقاہوں میں شب خوانی کے حوالے سے خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔کشمیر نیوز سروس ( کے این ایس ) کے مطابق سب سے بڑی تقریب آثار شریف درگاہ حضرتبل میں ہورہی ہے جہاں آج رات بھر شب خوانی ہوگی جبکہ ہر نماز کے بعد فرزندان توحید کو آنحضور ﷺ کے موئے مقدس کی زیارت کرایا گیا ہے۔انتظامیہ نے زائرین کی سہولیت کیلئے بھر پور انتظامات کئے ہیں تاہم لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کورونا وائرس پھیلائو کے خطرات کے پیش نظر بچائو سے متعلق لازمی احتیاطی تدابیر کا خاص خیال رکھیں۔نمائندے کے مطابق تاجدار ہل اتیٰ ،سرور کونین ،شافع محشر،ساقی کوثر ،محسن انسانیت ،احمد مجتبیٰ جناب محمدرسول اللہﷺکا جشن ولادت میلادالنبی ﷺ آج پورے عالم اسلام کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر میں بھی پورے مذہبی جوش وخروش اور عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا ہے۔آثار شریف درگاہ حضرتبل میں نماز عشاء رات کے ساڑھے دس بجے اد اکی گی جس کے بعد شب خوانی کی تقریب ہوگی۔شب خوانی کے دوران ختما ت المعظمات اور درود واذکار کی مجالس کے ساتھ ساتھ وعظ وتبلیغ کی مجالس بھی آراستہ ہوں گی اور علمائے دین میلا دالنبی ﷺ کے فیوض وبرکات پر روشنی ڈالی۔سال 2020میں کورونا وائرس کے عالمی وبائی بیماری پھوٹ پڑنے کے بعد اس سال پہلی بار درگاہ حضرتبل میں شب خوانی کی اجازت دی گئی ہے جبکہ اس سے قبل کورونا وائرس کی وجہ سے اس پر پابندی عائد تھی۔مسلم وقف بورڈ اور سرکار نے زائرین کی سہولیت کیلئے درگاہ حضرتبل اور اس کے گردونواح میںمعقول انتظامات کئے ہیں جبکہ بجلی دستیابی کے ساتھ ساتھ پینے کے پانی کی فراہمی کابھی معقول انتظام رکھا گیا ہے۔درگاہ شریف کے علاوہ آثار شریف شہری کلاشپورہ ،جناب صاحب صورہ،زیارت سعد صاحب سرینگر ،زیارت سلطان العارفین کوہ ماراں،آثار شریف پنجور ہ شوپیاں ،پلہالن اور مکہامہ بیروہ میں بھی میلا دالنبی ﷺ کے حوالے سے خصوصی تقریبات کا اہتما م ہورہا ہے جبکہ وادی دوسری زیارتگاہوں اور خانقاہوں پر بھی شب خوانی کے اہتمام کے حوالے سے تیاریاں کی گئی ہیں۔اس دوران جموں وکشمیر کے ایل جی منوج سنہا سمیت مختلف سیاسی ،مذہبی اور سماجی تنظیموں کے سربراہوں نے لوگوں کو اس مبارک دن کے موقعے پر مبارکباد پیش کی ہے اور امید ظاہر کی ہے یہ مبارک دن پورے جموں وکشمیر میں امن ،ترقی ،خوشحالی اور سلامتی کی نوید لے کر آئے۔رات بھر خصوصی دعائوں ،عبادات کے بعد وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں عید میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے جلوس برآمد کئے گئے ہیں جس دوران ان جلوس میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے حصہ لے کر حضورﷺ کی شان مباکہ میں تعریفوں کے نعرے لگا رہے تھے ۔اس دوران شہر سرینگر کے کئی علاقوں میں بھی میلاد کے جلوس کو دیکھا گیا ہے ۔