جموں میں فوجی سربراہ نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا

فوجی کمانڈروں سے دراندازی اورجاری انکونٹر کی جانکاری لی

سری نگر//ہندوستانی فوج کے سربراہ جنرل ایم ایم ناروانے نے دو روزہ جموں دورے کے دوران منگل کی روز ایل او سی کا دورہ کیا۔دورے کے دوران انہوں نے یہاں لائن آف کنٹرول کے حوالے سے فوجی کمانڈروں سے دراندازی اور پوچھ کے مینڈھرعلاقے میں 9روز سے جاری جھڑپ کے حوالے سے مکمل جانکاری حاصل کی ہے ۔ کشمیر نیوز سروس کے مطابق فوجی سربراہ جنرل منوج مکند ناروانے نے منگل کے روز لائن آف کنٹرول کا دورہ کر کے تازہ ترین صورتحال کا بچشم خود جائزہ لیا۔اس موقع پر وہاں تعینات فوجی کمانڈروں نے انہیں موجودہ صورتحال اور دراندازی کے خلاف جاری آپریشنز کے متعلق آگاہی فراہم کی۔ایک فوجی ترجمان نے یہ جانکاری فراہم کرتے ہوئے منگل کے روز اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ‘فوجی سربراہ ایم ایم ناروانے نے وائٹ نائٹ کارپس کے اگلے علاقوں کا دورہ کیا اور لائن آف کنٹرول پر تازہ صورتحال کا جائزہ لیا۔ فوجی سربراہ کو وہاں تعینات کمانڈروں نے موجودہ صورتحال اور لائن آف کنٹرول پر دراندازی کے خلاف جاری آپریشنز کے متعلق جانکاری فراہم کی’۔خیال رہے فوجی سربراہ پیر کے روز جموں کے لئے دو روزہ دورے کے لئے پہنچ گئے ہیں جہاں وہ سرحدوں کی تازہ صورتحال اور پونچھ انکونٹر کے حوالے سے جانکاری لیں گے ۔بتا دیں کہ موصوف فوجی سربراہ پیر کے روز دو روزہ دورہ پر جموں پہنچے۔ان کا یہ دورہ ایل او سی اس وقت ہو رہا ہے جب پونچھ کے مینڈھر سیکٹر میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ گذشتہ نو دنوں سے جاری ہے۔میںڈھر نار خاص جنگلوں میں چھپے ان جنگجوؤں کا مقابلہ کرنے کے لئے پیرا کمانڈوز، ہیلی کاپٹروں اور ڈرونز کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔۔واضع رہے جموں کے پونچھ علاقے میں گزشتہ نو روز سے علاقے میں ایک بڑا انکونٹر جاری ہے جس میں تاحال2افسران سمیت9فوجی اہلکار مارے جا چکے ہیں جبکہ ابھی تک کسی جنگجوکو اس تصادم میں نہیں مارا گیا ہے ۔