سری نگر//رام بن میں سی آر پی ایف اہلکار نے سروس رائفل سے گولی مارکر اپنی زندگی کاخاتمہ کردیا۔ ادھر قاضی گنڈ میں ایک ہوٹل کے کمرے سے پراسرار طور پر رام بن کے ایک نوجوان کی لاش برآمد ہوئی۔کے این ایس کے مطابق منگل کی صبح 84بٹالین سی آر پی ایف سے وابستہ ایک اہلکارنے چندرکوٹ بوم میں گولی ماردی اور زندگی کا خاتمہ کرڈالا۔ گولی چلنے کی آواز سے کیمپ میں افراتفری مچ گئی اور دیگر اہلکار جائے واردات کی طرف دوڑ پڑے۔ ساتھی اہلکاروںنے کانسٹیبل 30سالہ رنجیو رنجن سنگھ ولد چندرکہ سنگھ ساکن گائو نگری بہار کی لاش خون میں لت پت پائی جبکہ اس کے قریب ہی سروس رائفل پڑی تھی۔ اگرچہ اہلکاروںنے رنجیورنجن سنگھ کو رام بن ہسپتال پہنچایا تاہم ڈاکٹروںنے اسے مردہ قرار دیا۔اس دوران قانونی اور طبی کارروائی کے بعد لاش کو بٹالین کے کمانڈنٹ کے سپرد کی گئی جبکہ پولیس تھانہ چندرکوٹ میں دفعہ 174کے تحت کیس درج کرلیاگیا۔ادھر قاضی گنڈ کے چائے مولہ علاقے میں سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر واقع ایک ہوٹل کے کمرے میں منگل کی صبح ایک نوجوان کو پر اسرار طور پر مردہ پایا گیا۔ پولیس کی ایک ٹیم نے لاش کو اپنی تحویل میں لے کرطبی و قانونی لوازمات کی ادائیگی کے لئے ہسپتال منتقل کیا اور اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کیں۔مہلوک نوجوان کی شناخت 25 سالہ محمد حنیف گجر ولد غلام حسن گجر ساکن اکھرال رام بن کے بطور ہوئی ہے۔مذکورہ نوجوان پیشے سے مزدور تھا۔










