سرینگر//محترمہ کھیم لتا وکھلو ، حاجی نثار علی سابق وزراء جموں و کشمیر اور ضلع گاندر بل سے مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے راج بھون میں ملاقات کی ۔ محترمہ کھیم لتا وکھلو نے لیفٹیننٹ گورنر کو اپنی کتاب ’’ اے کشمیری سنچری ‘‘ پیش کی ۔ انہوں نے یو ٹی حکومت کی جانب سے نوجوانوں کی شمولیت کو فروغ دینے اور انہیں قوم کی تعمیر میں فعال طور پر مواقع فراہم کرنے کے اقدامات کے بارے میں اپنے خیالات بھی پیش کئے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کشمیری زندگی کے سماجی اور ثقافتی پہلوؤں پر کتاب لکھنے کیلئے محترمہ وکھلو کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ کشمیری لوگ کس طرح صدیوں سے محبت اور بھائی چارے کی جامع ثقافت کیلئے کھڑے ہیں ۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر اور عوام کے مفادات کو آگے بڑھانے کی اپنی نیک کوششوں کے جاری رکھیں ۔ سابق وزیر حاجی نثار علی نے المہدی کمیٹی کے ارکان خمینی چوک بمنہ کے ساتھ لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی اور لوگوں کی ترقی اور فلاح و بہبود سے متعلق مطالبات اور مسائل پیش کئے ۔ گاندر بل کے ضلعی سربراہوں اور مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے وفد نے لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی اور انہیں مختلف ترقیاتی مسائل اور ضلع کے لوگوں کے مطالبات سے آگاہ کیا ۔ وفد میں جے کے این سی کے شیخ اشفاق جبار ، بی جے پی کے شیخ عبدالرشید ، غلام حسن راتھر ، محمد امین شاہ ، شیخ جاوید احمد میر اور جے کے اے پی کے شیخ شوکت ، جے کے این پی پی کے غلام نبی کھٹانہ ، فاروق احمد ڈار ، شیخ ساحل فاروق احمد ، شیخ احمد اور آئی این سی کے عبدالحمید ماگرے شامل تھے ۔ مطالبات میں بجلی کے اضافے کے منصوبوں اور ضلع کی واٹر سپلائی سکیموں کی بروقت تکمیل کے علاوہ سڑکوں اور جنگلات سے تجاوزات کو ہٹانا ، کشمیر کی مرکزی یونیورسٹی میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی ، پہاڑی بولنے والوں کو ایس ٹی کا درجہ دینا اور دیگر مطالبات شامل تھے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے سیاسی رہنماؤں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت یو ٹی کے ہر علاقے کی جامع اور مساوی ترقی کیلئے مختلف اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے وفود کے اراکین کو یقین دلایا کہ ان کے پیش کردہ تمام مسائل اور جائیز مطالبات میرٹ پر ان کے ازالے کیلئے متعلقہ محکموں کے ساتھ اٹھائے جائیں گے ۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ عوامی فلاح و بہبود اور خطے کی ترقی کے مسائل پیش کرتے رہیں ۔










