سری نگر//تاج دین کالونی نٹی پورہ میں لوگوںنے سڑک کی خستہ حالی کیخلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔ احتجاجی مظاہرین نے سردیاں آنے سے قبل سڑک پر میگڈم بچھانے کی مانگ کی۔ کے این ایس کے مطابق جمعرات کو تاج دین کالونی نٹی پورہ سرینگر کی آبادی سڑک پر جمع ہوئی اور احتجاج اور نعرے بازی کرنے لگے۔احتجاجی مظاہرین ”ہماری مانگیں پوری کرو”، ”ہم انصاف چاہتے ہیں” کے نعرے لگارہے تھے۔ احتجاجی مظاہرین کاکہنا ہے کہ سڑک کی حالت گئے گزرے زمانے سے بھی بدتر ہے اور جگہ جگہ گہرے کھڈ بن گئے ہیں اورپیدل چلنا بھی دشوار ہے۔ مظاہرین کاکہنا ہے کہ سڑک کی پیمائش کی جاتی ہے لیکن میگڈم نہیں بچھایاجاتا۔ احتجاج میں شامل ایک خاتون نے تْند اور تیز لہجہ اختیار کرتے ہوئے کے این ایس نمائندے کو بتایا کہ سڑک کی حالت اس قدر خستہ ہے کہ کوئی رشتہ دار بھی ہمارے ہاںنہیں آتا۔ مذکورہ خاتون نے کہاکہ رشتہ دار یہ کہہ کر طعنے دیتے ہیں کہ تم کس بستی میں رہائش پذیر ہو۔ مذکورہ خاتون نے کہاکہ سردیوںمیں حالت دربار مو سے بھی بدترہوگئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ بچے ٹیوشن بھی کیلئے نہیں جاسکتے اور موسم سرما میں حالت بدسے بدتر ہوجاتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ گلی اور کوچوں پر میگڈم بچھایاگیا لیکن اتنی وسیع سڑک پر میگڈم نہیں بچھایاجارہاہے۔ مذکورہ خاتون نے کہاکہ ‘کیا ہم یہاں کے مکین نہیں ہیں، یہ اراضی ہم نے مفت میں نہیں خریدی ہے بلکہ محنت مزدوری کرکے رقومات جمع کرکے خریدی ہے”۔ انہوںنے کہاکہ ہمارا علاقہ Backwardسے بھی بدتر ہے۔ احتجاج میں شامل ایک اور مقامی شہری بشیر احمد بٹ نے کے این ایس نمائندے کو بتایا کہ سڑک کی حالت کی وجہ سے بیٹوں اور بیٹیوں کو رشتہ ملنے میں دشواری پیش آتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 4سالسے وہ ایک دفتر سے دوسرے دفترسڑک پر میگڈم بچھانے کیلئے طواف کررہے ہیں لیکن فقط یقین دہانیاں دی جارہی ہیں کہ میگڈم بچھایاجائے گا۔ مذکورہ شہری نے کہاکہ 2بار ٹینڈر نکالے گئے اور ایک ٹھیکیدار نے گاڑیاں ڈالیں۔ بشیر احمد نے مزید کہاکہ جینا ومرنا اور بیمار ہونا لازم و ملزوم ہے اور اگر خدانخواستہ کوئی مرجائے تو رات کے دوران کیادن میں میت کو خستہ حال سڑک سے قبرستان لے جانا مْحال ہے۔ احتجاجی مظاہرین نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ موسم سرما آنے سے قبل ہی سڑک پر میکڈم بچھایا جائے۔










