سرینگر میں اسکول اساتذہ کا قتل افسوسناک: تاریگامی

سرینگر//سی پی آئی (ایم) کے لیڈڑمحمد یوسف تاریگامی نے کہا کہ سرینگر میں دو اسکول اساتذہ کا قتل ، تین شہریوں کو الگ الگ واقعات میں گولی مارنے کے 48 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں ، انتہائی افسوسناک ہے جبکہ اس طرح کے وحشیانہ واقعات کی کسی معاشرے یا مذہب میںکوئی جگہ نہیں ہے۔موصولہ ایک بیان میں انہوں نے کہا اسطرح کی ہلاکتیں سماج کے لئے نقصان دہ ہیں اور کسی بھی حالت میں جائز نہیں ہوسکتی ہیں۔ سیاسی ، سماجی ، مذہبی اور دیگر تنظیموں سمیت پورے معاشرے کی ذمہ داری ہے کہ وہ آگے آئیں اور ایک آواز میں ایسے وحشیانہ واقعات کی مذمت کریں۔ بے گناہوں کا خون بہانا ہمارے لیے قابل قبول نہیں ہے۔تاریگامی نے کہا کہ تازہ ترین ہلاکتوں نے کشمیری معاشرے کو چونکا دیا ہے۔ کشمیری پنڈت اور سکھ مقامی مشترکہ تاریخ اور ثقافتی اخلاقیات کا حصہ ہیں۔ جموں و کشمیر کے تکثیری نظارے کی حفاظت ہر کشمیری کا اولین ایجنڈا ہونا چاہیے۔سی پی آئی ایم ،لیڈر نے بتایا ہم ان ہلاکتوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔