سادھوی نرنجن جیوتی نے بٹوت میں’’ سب کی یوجنا سب کا وِکاس‘‘ کا آغاز کیا

سادھوی نرنجن جیوتی نے بٹوت میں’’ سب کی یوجنا سب کا وِکاس‘‘ کا آغاز کیا

رام بن//مرکزی حکومت کا عوامی رَسائی پروگرام کے ایک حصے کے طور پر مرکزی وزیر مملکت برائے دیہی ترقی او رامورِ صارفین،خوراک اور عوامی تقسیم سادھو نرنجن جیوتی کا دو روزہ دورہ رام بن میں مکمل ہوا ہے ۔دورے کے دوسرے دِن سادھوی نرنجن جیوتی نے پتنی ٹاپ کا دورہ کیا ۔ اُنہوں نے پتنی ٹاپ کے سرسبز و شاداب میدانوں میں ضلع اِنتظامیہ رام بن کے زیر اہتمام پتنی ٹاپ ڈیولپمنٹ اَتھارٹی کے تعاون سے سوچھتاابھیان کا آغاز کیا۔مرکزی وزیر مملکت نے سیاحوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے سیاحو ں سے اپیل کی کہ وہ متعلقہ اَفراد کے ساتھ تعاون کریں تاکہ پتنی ٹاپ سیاحتی مقام کی قدیم شان رفتہ کو بحال کیا جاسکے۔اُنہوں نے متعلقین کو مشورہ دیاکہ وہ سیاحتی مقام پتنی ٹاپ کی خوبصورتی کے لئے ٹھوس اِقدامات کریں۔وزیر موصوف متعدد وفود سے ملے ۔ہوٹل والوں کے وفد نے علاقے میں سیاحتی کاروبار اور سرگرمیوں میں رُکاوٹ ڈالنے والے مسائل وزیر موصوف کو گوش گزار کئے۔وفد نے ہوٹل کی اِجازت کی تجدید اور ٹیکس میں نرمی کا مطالبہ کیا۔ اِس نے علاقے میں پینے کے پانی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے پتنی ٹاپ کے لئے واٹر سپلائی سکیم کا مطالبہ کیا بالخصوص ہوٹلوں کے لئے ۔ نوجوانوں کے وفد نے پی ڈی اے میں روزگار کے مواقع او ربٹوت میں سیاحتی سرگرمیوں میں توسیع کا مطالبہ کیا۔وزیر موصوف این ایچ 44پیش رفت کی رفتار کاجائزہ لیتے ہوئے ہدایت دی کہ نیشنل ہائی وے کے ساتھ لنک روڈوں کو مناسب طریقے سے جوڑنے کی تجویز پیش کی جائے۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر این ایچ اے آئی نے وزیر موصوف کو ترقی کی رفتار سے متعلق جانکاری دی ۔ انہیں جانکاری دی گئی کہ مزید ٹنلوں اور فلائی اووروںکے ساتھ رام بن۔ بانہال کے ایک ریگنائنمنٹ پروجیکٹ کو منظوری دے دی گئی ہے اور ٹینڈرنگ کا عمل جاری ہے۔سادھوی نرنجن جیوتی نے بٹوت میں’’ سب کی یوجنا سب کا وِکاس‘‘ کا آغاز کیا۔ وزیر نے نوراتری کے موقعہ پر لوگوں کو مبارک باد پیش کیمرکزی وزیر مملکت نے کہا کہ معاشرے کے ہر فرد کو ترقیاتی عمل میں شامل ہونا چاہیئے ۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ حوصلہ افزا بات ہے کہ ضلعی اِنتظامیہ ، لائن ڈیپارٹمنٹس اور منتخب عوامی نمائندے اَپنے اَپنے علاقوں کی ترقی اور خوشحالی کے لئے مل کر کام کر رہے ہیں۔دورے کے دوران ،انہوں نے اساتذہ اور طلباء کے ساتھ بات چیت بھی کی ۔ اُنہوں نے اساتذہ پر زو ردیا کہ وہ طلباء کو معیاری اور اخلاقی تعلیم فراہم کریں تاکہ طلباء ملک کے ذمہ دار شہری بن سکیں۔پنچایتی راج اداروں کے تحت ان کے متعلقہ علاقوں میں کی جانے والی ترقیاتی سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بٹوت میں نمائندگان اور افراد نے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا ۔ اُنہوں نے مستحقین کے لئے بی پی ایل راشن کارڈ ، مختلف محکموں میں کام کرنے والے منریگا اور دیگر ملازمین کے ضوابط ، تحصیلدار اور بی ڈی او اور دیگر تحصیل سطح کے دفاتر کیلئے آفس کمپلیکس کی تعمیر ، پی آر آئی کے اعزازیہ میں اضافہ ، موجودہ واٹر سپلائی سکیم میں اضافہ، تحصیل کی سطح پر آدھار لنکنگ سینٹروں کو مستحکم کرنا اور نئے بلاکوں میں سی ایس سی سینٹروں کا قیام، مختلف زمروں کے تحت مزید پنشن معاملات کی منظوری ، شادی معاونت سکیم کے لئے نئے سروے کا اِنعقاد ، کالج کی تعمیر کے لئے زمین کی نشاندہی، سب ڈویژن کی سطح پر صنعتی اسٹیٹ کی تعمیر اور قیام کا مطالبہ کیا۔ کد سے ترنگلا تک ایک اِضافی ٹنل کی تعمیر کے حوالے سے مطالبے کا جواب دیتے ہوئے چنانی۔ ناشری ٹنل پر دبائو کم کرنے کے لئے وزیر موصوف نے کہا کہ یہ مسئلہ متعلقہ وزارت کے ساتھ اُٹھایا جائے گا۔اُنہوں نے یقین دِلایا کہ اے ڈبلیو اے ایس پلس پورٹل مختصر مدت کے لئے چھوڑے گئے مستحقین کی رجسٹریشن کے لئے دوبارہ کھول دیا جائے گا اُس نے پتنی ٹاپ میں سیاحت کو فروغ دینے کی تجاویز بھی دیں۔ اِس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن مسرت الاسلام نے مختصر ضلع پروفائل پیش کیا اور کہا کہ تین درجے کے پی آر آئی سسٹم کے قیام کے بعد پی آر آئیز نے 46کروڑ روپے کا ترقیاتی منصوبہ بنایا ہے ۔ مالی سال 2021-22 ء کے تحت 2200 ترقیاتی کاموں کے لئے منظور ی دی گئی ہے۔اِس موقعہ پر چیئرپرسن ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل رام بن ڈاکٹر شمشاد شان ، صدر مونسپل کونسل بٹوت ایس رویندر سنگھ ، چیئرپرسن بی ڈی سی ، ممبران ڈی ڈی سی او ربی ڈی سی ، ڈائریکٹر دیہی ترقیات جموں ، ڈائریکٹر سی اے اینڈ پی ڈی جموں ، سینئر سپر اِنٹنڈنٹ پولیس ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر ، چیف ایگزیکٹیو آفیسر ،پی ڈی اے ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ،ضلعی اَفسران کے علاوہ بڑی تعداد میں مقامی لوگ موجود تھے۔