مرکزی وزیر مملکت شریپاد یسو نائک ڈوڈہ ضلع کے دو روزہ دورے پر بھدرواہ پہنچے

مرکزی وزیر مملکت شریپاد یسو نائک ڈوڈہ ضلع کے دو روزہ دورے پر بھدرواہ پہنچے

ڈوڈہ //مرکزی حکومت کے عوامی آؤٹ ریچ پروگرام کے پیش نظر بندرگاہوں ، جہاز رانی ، آبی گزرگاہوں اور سیاحت کے مرکزی وزیر مملکت مسٹر شریپاد یسو نائک اپنے دو روزہ دورے پر ضلع ڈوڈہ کے بھدرواہ علاقے میں پہنچے ۔ اپنے دورے کے پہلے دن مرکزی وزیر نے وادی جئے کا دورہ کیا اور مختلف گروہوں کے نمائندوں سے بات چیت کی اور ان کے مسائل سُنے ۔ مرکزی وزیر نے وفود کو غور سے سُنا ، پنڈال میں صفائی مہم کی قیادت کی ، وادی جئے میں چنار اور دیودار کے پودے لگائے ۔ انہوں نے جئے وادی سے بھدرواہ جاتے ہوئے سنگلی بھدرواہ میں نگر وان جنگل کے احاطے کا سنگِ بنیاد رکھا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ پردھان منتری نریندر مودی کی متحرک قیادت میں مرکزی حکومت قطار میں آخری نمبر پر کھڑے شخص کی بہتری کیلئے بھی انتھک محنت کر رہی ہے ۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ اجتماعی کوششیں اس خیال کو حاصل کرنے کیلئے ضروری ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد یو ٹی کے لوگ اب مختلف فلاحی اسکیموں سے بے شمار فوائد حاصل کر رہے ہیں جو انہیں پہلے کے سیٹ اپ میں نہیں دئیے گئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی مجموعی ترقی کو یقینی بنانے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی ۔ علاقے کی سیاحت کے امکانات کی ترقی کے حوالے سے یونین ایم او ایس نے یقین دلایا کہ مختلف اسکیموں کے تحت ضلع کے تمام مقامات خاص طور پر بھدرواہ کے علاقے کو قومی شہرت کے سیاحتی مقامات کے برابر کر دیا جائے گا تا کہ بے روز گار نوجوانوں کو باعزت طریقے سے اپنی روزی کمانے کے مواقع فراہم کئے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ انہوں نے یقین دلایا کہ ان تمام مسائل کو جو ان کے سامنے اٹھائے گئے ہیں ان کو انتہائی ترجیح کے ساتھ حل کیا جائے گا ۔ قبل ازیں ڈی سی ڈوڈہ نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جس میں انہوں نے ضلع خاص طور پر بھدرواہ کے سیاحتی امکانات کو اجاگر کیا ۔ ڈی ڈی سی چئیر مین ڈوڈہ ، پی آر آئی کے نمائندے ، بی ڈی سی چئیر پرسن ، ڈی ڈی سی ممبران نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور علاقے کے مسائل اور چیلنجز کے بارے میں آگاہ کیا ۔ پروگرام کے دوران ڈی ڈی سی چئیر پرسن ڈوڈہ دھنتر سنگھ کوتوال ، وائس چئیر پرسن ڈی ڈی سی سنگیتا رانی بھگت ، ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ وکاس شرما ، ڈائریکٹر ٹورازم جموں وویکا نند رائے ، اے ڈی سی بھدرواہ ، اے ایس پی بھدرواہ کے علاوہ ڈی ڈی سی ممبران ، بی ڈی سی چئیر پرسن ، سول اور پولیس انتظامیہ کے افسران موجود تھے ۔